
لاہور کی رائیونڈ پولیس نے 'سستی' سبزی فروخت کرنے پر دکان دار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی کاٹ دی ہے۔ سبزی سستی فروخت کرنے پر درج ہونے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق سبزی فروش رائیونڈ روڈ پر سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کر رہا تھا ۔ جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اس بارے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کاشف بشیر کا کہنا ہے کہ دوران چیکنگ سبزی فروش کے پاس ریٹ لسٹ موجود نہیں تھی اور وہ بھنڈی، ٹماٹر و دیگر سبزیاں سرکاری نرخ نامے سے کم پر فروخت کر رہا تھا۔
متن کے مطابق مذکورہ دکان دار نے ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کی ہوئی تھی اور بھنڈی95 روپے کے بجائے 73 روپے، ٹماٹر50 روپے کے بجائے25 روپے، بینگن 60روپے کے بجائے52روپے، کریلے 90 روپے کے بجائے 52 روپے اور پیاز 40 روپے کے بجائے 33 روپے فی کلو پرفروخت کر رہا تھا۔

تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔