عوام کو عمران خان کی حکومت سے بڑی توقعات ہیں جاوید شیخ

حکومت دیگر صنعتوں کی طرح فلمی صنعت کی بحالی کے لئے بھی اقدامات کرے، جاوید شیخ


Staff Reporter June 27, 2021
حکومت دیگر صنعتوں کی طرح فلمی صنعت کی بحالی کے لئے بھی اقدامات کرے، جاوید شیخ . فوٹو : ایکسپریس

ہدایت کار و اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ عوام کو عمران خان کی حکومت سے بڑی توقعات ہیں۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز فلم ساز اور ہدایت کار و اداکار جاوید شیخ نے کراچی کے نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سرسبز پاکستان خوشحال پاکستان پروگرام میں ملک کے ہر فرد کو حصہ لینا چاہئے اور شجرکاری مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر اس میں حصہ لینا چاہئے۔

جاوید شیخ نے مزید کہا کہ عوام کو عمران خان کی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، امید ہے کہ آنے والا وقت ملک وقوم کے حق میں بہت بہتر ہوگا۔

انہوں نے فلم انڈسٹری کے مستقبل کے حوالے سے کہا کہ حکومت دیگر صنعتوں کی طرح فلمی صنعت کی بحالی کے لئے بھی اقدامات کرے، سینما گھروں پر بجلی کے بلوں میں رعایت دی جائے تو انڈسٹری بہت جلد اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :نوجوان تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کے لیے تیار رہیں، وزیراعظم

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری نے حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکس دیا ہے اب جبکہ فلم انڈسٹری کو ضرورت ہے توحکومت کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ فلم انڈسٹری کی مدد کرے، فلمیں بنانے والوں کو آسان اقساط پر بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔

جاوید شیخ نے کہا کہ وہ جلد ہی ایک اردو اور ایک پنجابی فلم شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کورونا وائرس نے دوسرے شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری کو بھی بہت نقصان پہنچایا ہے اب جبکہ صورتحال بہتر ہورہی ہے تو دیگر صنعتوں کی طرح سینما گھر بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا اعلان کیا جائے۔

قبل ازیں اطہر جاوید صوفی نے جاوید شیخ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے سرسبز پاکستان پروگرام میں نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ بھی بھرپور حصہ لے رہا ہے، دسمبر تک ہم اپنے تمام کیمپس اور دیگر مقامات پر پانچ ہزار پودے لگائیں گے جس کے لئے ہماری سربراہ ہما بخاری انتھک کوششوں میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر جاوید شیخ کو نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں