کراچی میں پکنک منانے کے دوران چار افراد ڈوب گئے

غوطہ خوروں نے لاشیں نکال کر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیں۔


ویب ڈیسک June 27, 2021
غوطہ خوروں نے لاشیں نکال کر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیں۔ (فائل فوٹو)

سمندر میں پکنک منانے کے دوران مختلف مقامات پر چار افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز ہاکس بے کے سمندر میں نہاتے ہوئے ایک شخص ڈوب گیا جس کی اطلاع ملنے پر پولیس، لائف گارڈز اور ایدھی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، غوطہ خوروں نے ایک گھنٹے کی تلاش کے بعد لاش کو نکال کر ورثا کے حوالے کیا تاہم ورثا بغیر کسی کارروائی 20 سالہ نوجوان کی لاش لے کر روانہ ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی اپنی فیملی کے ساتھ پکنک منانے آیا تھا جب پولیس اسپتال پہنچی تو ورثا لاش لے کر جا چکے تھے۔

علاوہ ازیں منگھوپیر کے علاقے حب ڈیم میں نہاتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب گیا جس کی لاش ایدھی کے غوطہ خوروں نے نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کی، متوفی کی شناخت 22 سالہ حمزہ ولد حنیف کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق متوفی لیاری کا رہائشی تھا اور دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے آیا تھا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

دریں اثنا گڈانی میں پکنک منانے والے دو افراد ڈوب گئے، اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور ایدھی کے غوطہ خور موقع پرپہنچ گئے، ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد سمندرسے لاشیں نکال کر حب سول اسپتال منتقل کی گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی 37 سالہ عمران حسین اور 60 سالہ نعیم ولد بشیر احمد گڈانی میں اپنے ایک رشتے دار کے گھر گئے تھے وہاں سے سمندر میں پکنک منانے چلے گئے جہاں مذکورہ واقعہ رونما ہوگیا، دونوں کا تعلق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں