ترکی کا یکم جولائی سے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

پاکستان سے آنے والوں کو 14 کے بجائے 10 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا


ویب ڈیسک June 28, 2021
ترکی میں کورونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، فوٹو: فائل

ترکی میں کورونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی آنے پر ملک بھر میں یکم جولائی سے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں کورونا وبا پر کافی حد قابو پالیا گیا ہے جس کے باعث کورونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور معمولات زندگی کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔

ترکی کے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں 81 کو صوبوں کو کاروبار زندگی کو مرحلہ وار کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یکم جولائی سے لاک ڈاؤن ختم کردیا جائے اور کاروباری مراکز سمیت سینما گھر بھی یکم جولائی سے کھول دیئے جائیں۔

لاک ڈاؤن کے خاتمے سے شادی بیاہ کی تقریبات اور اس میں مہمانوں کو کھانا پیش کرنے کی پابندی بھی ختم ہوجائے گی جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ صفائی، ماسک اور سماجی فاصلوں پر عمل درآمد کی شرط پر ہوٹلوں میں قیام کی اجازت بھی ہوگی۔

اسی طرح عوامی مقامات پر موسیقی کی محافل، کھیل تماشوں، میلوں اور دیگر سماجی سرگرمیوں کی بھی اجازت ہوگی تاہم شرکا کے لیے ماسک پہننے اور میل جول میں فاصلہ رکھنے کی شرط برقرار رہے گی۔

پاکستان سمیت درجنوں ممالک سے آنے والے سیاحوں کے لیے قرنطینہ کی شرط میں نرمی کردی گئی ہے اب ان ممالک سے آنے والوں کو 14 دنوں کے بجائے 10 دن قرنطینہ کرنا ہوگا تاہم پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا لازمی ہو گا۔

واضح رہے کہ ترکی میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 54 لاکھ سے زیادہ ہے اور اس مہلک وائرس سے 50 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے تاہم ملک بھر میں 4 کروڑ 26 لاکھ اور 13 ہزار سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |