اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 45 ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا

 رقم 3 سال کے دوران حاصل ہوگی، تیل اور گیس کی درآمد میں استعمال کی جائے گی۔


Shahbaz Rana June 29, 2021
معاہدے پر دستخط کی تقریب آن لائن منعقد کی گئی،عمرایوب خان نے ITFCکا شکریہ ادا کیا ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک سے 4.5 ارب ڈالر کا قرضہ حاصل کریگا جب کہ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

حکومت پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک ( آئی ڈی بی ) کے درمیان 3سالہ فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت بینک تیل اور گیس کی درآمد کے لیے 4.5 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ فراہم کرے گا۔

وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے تجارتی سرگرمیوں کے لیے قرضہ مہیا کرنے والے ذیلی ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن ( آئی ٹی ایف سی ) نے پاکستان کو خام تیل، ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات، ایل این جی اور یوریا جیسی بنیادی اشیاء کی درآمد کے لیے 3سال کے دوران 4.5 ارب ڈالر کا قرضہ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب آن لائن منعقد کی گئی جس میں آئی ٹی ایف سی کے سی ای او ہانی سلیم سونبول اور سیکریٹری اقتصادی امور نوراحمد نے معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیراقتصادی امور عمرایوب خان بھی اس تقریب میں ورچوئل طور پر موجود تھے۔

معاہدے کے تحت حاصل ہونے والی قرضے کی رقم سے پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او)، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ ( پارکو) اور پاکستان ایل این لمیٹڈ ( پی ایل ایل) خام تیل، ریفائنڈپٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی درآمد کریں گی۔

اس موقع پر عمرایوب خان نے قرض کی فراہمی پر آئی ٹی ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق حکومت نے 2018-20 کے عرصے کے لیے بھی اتنی ہی مالیت کے قرض کے معاہدے پر دستخط کیے تھے مگر اس عرصے کے دوران 2.5 ارب ڈالر ( 55 فیصد ) قرضہ ہی کام میں لایا جاسکا تھا۔ حکومت سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کے بجائے 83.3 کروڑ ڈالراستعمال کرسکی تھی۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق اس کی وجہ کورونا کی وبا کا پھوٹ پڑنا اور تیل کی کم ہوتی قیمتیں تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |