کورونا وبا ترکی نے بھارت سمیت 6 ممالک پر سفری پابندی عائد کردی

پاکستان سے آنے والے مسافروں کو 14 کے بجائے صرف 10 دن قرنطینہ کرنا ہوگا، ترک وزارت داخلہ

بھارت کے علاوہ بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا، برازیل اور جنوبی افریقا شامل ہیں، فوٹو: فائل

ترکی نے کورونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ قسم ''ڈیلٹا'' کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھارت سمیت 6 ممالک کی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی نے ملک میں نئے کیسز میں نمایاں کمی پر یکم جولائی سے کورونا لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے تاہم بھارت سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نئی تبدیل شدہ قسم ڈیلٹا کورونا وائرس سے اپنے شہریوں کو بچانے کے لیے 6 ممالک پر سفری پابندی عائد کردی ہیں۔

ترک وزارت داخلہ نے بھارت سمیت جن 6 ممالک کی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے ان میں بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال،برازیل اور جنوبی افریقا شامل ہیں جب کہ دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کو ترکی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا جو کہ نیگیٹیو ہونا چاہیئے تاہم ان مسافروں کو 14 روزہ قرنطینہ بھی کرنا لازمی ہوگا۔


یہ خبر پڑھیں : ترکی کا یکم جولائی سے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

ترک وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان اور افغانستان سے آنے والے مسافروں کے لیے ایس اوپیز میں نرمی کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے ان ممالک سے آنے والوں کو نیگیٹو پی سی آر ٹیسٹ کے ساتھ ترکی پہنچنے کے بعد 14 کے بجائے 10 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

واضح رہے کہ ترکی میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 54 لاکھ سے زیادہ ہے اور اس مہلک وائرس سے 50 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے تاہم ملک بھر میں 4 کروڑ 26 لاکھ اور 13 ہزار سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
Load Next Story