قتل اور بھتہ خوری میں ملوث لیاری گینگ وار کے 5 ملزمان گرفتار

ملزمان کو رینجرز اور پولیس نے لیاری رانگی واڑہ اور مولامدد میں مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا


Staff Reporter June 29, 2021
(فائل فوٹو)

سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لیاری میں رانگی واڑہ اور مولا مدد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور مسلح ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لیاری میں رانگی واڑہ اور مولا مدد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور مسلح ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب 5 ملزمان سرور بلوچ، فائز عرف فیضی، صہیم عرف فہیم، جمشید اور شیراز کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان فائز عرف فیضی اور صہیم عرف فہیم نے ملزم سرور بلوچ کے ایماء پر لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں واقع بسم اللہ ہوٹل کے مالک محمد حنیف سے بھتہ نہ ملنے پر 6 اپریل 2021 کو ہوٹل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہوٹل مالک کا بیٹا امان اللہ اورایک گاہک موقع پر ہلاک ہوگئے جس کی ایف آئی آر پولیس تھانہ کلری میں درج ہے۔

ترجمان کے مطابق دوران تفتیش ملزم سرور بلوچ نے اعتراف کیا کہ وہ 2009ء سے 2013ء تک لیاری گینگ وار سے منسلک رہا اور بھتہ خوری، منشیات فروشی اور گینگ وار کے مسلح مقابلوں میں شامل رہا، 2013ء میں کراچی آپریشن شروع ہوتے ہی ملزم اندرونِ سندھ فرار ہو گیا تھا اور 2019ء تک روپوش رہا۔

رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ 2019ء کے آخر میں دوبارہ لیاری میں رہائش اختیار کی اور مذکورہ بالا ملزمان کے ساتھ مل کر بھتہ خوری اور مسلح ڈکیتی جیسے جرائم میں ملوث رہا گرفتار ملزمان کو مع اسلحہ ایمونیشن قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، اطلاع دینے والے کا نام راز میں رکھا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں