میمو کمیشن نے امتیاز سلوک کیا رپورٹ یکطرفہ ہے حسین حقانی جواب آج پرسپریم کورٹ میں جمع کرایا جائیگا

پاکستان کا وفادار ہوں ،کمیشن کی رپورٹ خلاف حقائق اور سنی سنائی باتوں پر مبنی ہے


ایکسپریس July 09, 2012
پاکستان کا وفادار ہوں ،کمیشن کی رپورٹ خلاف حقائق اور سنی سنائی باتوں پر مبنی ہے.۔ فوٹو ایکسپریس

میموکمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے حسین حقانی کا جواب سپریم کورٹ میں آج جمع کرایا جائے گا۔ ایکسپریس کوذرائع سے معلوم ہواہے کہ حسین حقانی کی طرف سے 12صفحات پر مشتمل جواب کے علاوہ منصوراعجازکی غلط بیانی ثابت کرنے کے لیے کچھ دستاویزی ثبوت بھی سپریم کورٹ میںجمع کرائے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق جواب میں میمو کمیشن کی رپورٹ کو حقائق کے خلاف اور یکطرفہ قرار دیا گیا ۔ جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کمیشن نے حقائق تک پہنچنے کے لیے سنی سنائی باتوں اور منصور اعجاز کے بیان پر انحصار کیا ہے ۔ حسین حقانی نے اپنے جواب میں کمیشن کی رپورٹ کو مستردکرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انھیں سنے اور ان پر جرح کیے بغیررپورٹ کو مرتب کیا گیا ہے جو مروجہ قوانین کے خلاف ہے ،

کمیشن نے انکوائری کے دوران امتیازی سلوک کا مظاہرہ کیا کیونکہ منصور اعجاز کو میڈیا کانفرنس کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے اور جرح کرنے کی سہولت دی گئی لیکن یہ سہولت انھیں فراہم نہیں کی گئی حالانکہ ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق تھے، بطور سفیرانھوں نے پا کستان کے مفاد اور سلامتی کو مقدم رکھا اور وہ تہہ دل سے پاکستان کے وفادار ہیں،کمیشن نے غلط طور پر نتا ئج اخذکیے ہیں،انھوں نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے اورنہ پاکستان سے بے وفائی کا سوچ سکتے ہیں ۔

سپریم کورٹ سے رپورٹ مسترد کرنے کی استدعاکی گئی ہے ۔ ایکسپریس نے اس حوالے سے حسین حقانی کے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ اختر علی چو ہدری سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی طرف سے انہیںحسین حقانی کا جواب موصول ہوگیا ہے جوآج جمع کرایا جائے گا ۔ انھوں نے بتایا کہ جواب کے ساتھ کچھ دستاویزات بھی جمع کرائی جائیں گی تاہم انھوں نے اس حوالے سے تفصیلات دینے سے انکار کیا ۔ دوسری طرف سپریم کورٹ کا 9رکنی بینچ جمعرات کو میمو کیس کی سماعت کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں