اسپیکر نے آواز کے ووٹ پر بجٹ منظور کیا یہ غیر قانونی عمل ہے بلاول بھٹو

چیرمین نیب کے اثاثوں کی وضاحت ہونی چاہیے ورنہ قانون سازی لائیں گے، بلاول بھٹو


ویب ڈیسک June 29, 2021
چیرمین نیب کے اثاثوں کی وضاحت ہونی چاہیے ورنہ قانون سازی لائیں گے، بلاول بھٹو۔ (فائل فوٹو)

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے صرف آواز کے ووٹ پر ہی بجٹ منظور کرلیا، یہ غیر قانونی عمل ہے۔

اسلام آباد میں سندھ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب ہم نے آواز کے ووٹ کو چیلنج کیا تو اس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گنتی کروانی چاہیے تھی لیکن اسپیکر نے ایسا نہیں کیا جس سے سارا عمل غیر قانونی ہوگیا، اسپیکر کو فی الفور اس کا جواب دینا ہوگا، اگر حکومت کا بجٹ اتنا اچھا ہے تو وہ کیوں چھپ رہی ہے، یہ اسمبلی بھی دھاندلی پر بنائی گئی اور اب بجٹ بھی، یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے اس کو غلط طریقے سے پاس کروایا گیا۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کے تمام اراکین ایوان میں موجود تھے، تمام اپوزیشن اراکین کو بھی موجود ہونا چاہیے تھا، شہباز شریف سے وعدہ کیا تھا پیپلز پارٹی کے تمام اراکین موجود ہوں گے، ہم نے وعدہ پورا کیا، مؤثر اپوزیشن اس وقت ہوتی ہے جب اپوزیشن لیڈر ایوان میں موجود ہوں، ہمیں اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے، قائد حزب اختلاف پر اگر حکومتی بنچز حملہ کریں گے تو ہم برداشت نہیں کرسکتے، پتا نہیں ن لیگ والے کیسے کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی صورتحال پر اعتماد میں لیا جائے اور قومی سلامتی کے فورم کو استعمال کیا جائے گا، شہباز شریف انتخابی اصلاحات کے لئے اے پی سی بلا رہے ہیں اس میں اپنا وفد بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کے اثاثوں کی وضاحت ہونی چاہیے، نیب کے ہر افسر کے اثاثوں کو سامنے لایا جائے، چیئرمین نیب کو رضاکارانہ اپنی تعیناتی کے دن سے آج تک کے اثاثے سامنے لانے چاہییں ورنہ ہم قانون سازی لائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں