چین کے جوہری پروگرام میں توسیع پر امریکا کی تشویش

چین بیلسٹک میزائل رکھنے کے لیے 100 کے قریب بڑے گودام تیار کررہا ہے، واشنگٹن پوسٹ


ویب ڈیسک July 02, 2021
چین بیلسٹک میزائل رکھنے کے لیے 100 کے قریب بڑے گودام تیار کررہا ہے، واشنگٹن پوسٹ۔ فوٹو : فائل

SEOUL: چین کی جانب سے جوہری پروگرام میں توسیع پر امریکا نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق چین شمالی مغربی شہر یومین کے قریب ریگستان میں بیلسٹک میزائل رکھنے کے لیے 100 کے قریب بڑے گودام تیار کررہا ہے جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ چین اپنی جوہری صلاحیتوں میں مزید اضافہ کررہا ہے۔

امریکی اخبار نے یہ رپورٹ سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاویر کی روشنی میں تیار کی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریباً 700 اسکوائر میل سے بھی بڑی جگہ پر بیلسٹک میزائلز رکھنے کے لیے 119 بڑے گوداموں کی تعمیر پر کام جاری ہے جس میں زیر زمین بنکرز اور ملٹری بیس بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے بیلسٹک میزائلز رکھنے کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر گودام کی تیاری بہت سے سوالات پیدا کررہی ہے لہذا امریکا بیجنگ کے اس عمل کی حوصلہ افزائی کرے گا اگر وہ غیرمستحکم ہتھیاروں کی دوڑ کے باعث پیدا خطرات اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عملی طور پر ہمارے ساتھ شامل ہوجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔