خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلیے 4 بوئنگ طیارے بھیجنے کا فیصلہ

سول ایوی ایشن نے پروازیں منسوخ کرنے پر پانچ غیر ملکی ایئر لائنز کو نوٹسز جاری کردیے


ویب ڈیسک July 02, 2021
مزید 2 پروازیں ایک سے دو روز تک چلانے کا منصوبہ بھی ترتیب دے دیا گیا۔ (فائل فوٹو)

KARACHI: خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے قومی ایئر لائن نے 4 بوئنگ طیارے بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نجی ایئر لائنز کی جانب سے آخری وقت پر پروازیں منسوخ کرنے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی خلیجی ممالک میں پھنس گئے ہیں، مذکورہ معاملے پر پی آئی اے کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عید سے قبل وطن واپس لانے کے انتظامات ترتیب دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے وزیر ہوابازی کی ہدایات پر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر خلیجی ممالک پروازیں بھیجنے کے احکامات جاری کردیے۔

قومی ایئر لائن کے فضائی بیڑے میں شامل زیادہ گنجائش والے بوئنگ 777کی چارپروازیں چلائی جائیں گی جبکہ مسافروں کی وطن واپسی کے مانگ کو دیکھتے ہوئے مزید 2 پروازیں اگلے ایک سے دوروزتک چلائے جانے کا بھی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔

بحرین کے لیے کم گنجائش والے ائربس 320 جہازوں کی جگہ زیادہ گنجائش والے بوئنگ 777 متبادل پروازکے طورپراستعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ائیربس کے مقابلے میں بوئنگ 777 تین گنا زائد گنجائش کا حامل طیارہ ہے۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کے مطابق خلیجی ممالک میں موجود پاکستانیوں کی ضرورت کا بغورمشاہدہ کررہے ہیں، جتنی تعداد میں پروازوں کی ضرورت پڑی اس ضرورت کے عین مطابق پروازیں ان روٹس پرلگادی جائیں گی۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے این سی او سی کی ہدایات پر 5 مئی سے پاکستان آنے والی بین الاقوامی پروازوں کو 20 فیصد مسافروں کے ساتھ آپریشن کی اجازت دی تھی۔ مذکورہ اجازت نامے میں 15 جولائی 2021ء تک توسیع کر دی گئی ہے۔

پروازیں منسوخ کرنے پر غیرملکی ایئرلائنز کو نوٹسز جاری

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازیں منسوخ کرنے والی پانچ غیر ملکی ایئر لائیز کو نوٹس جاری کردیا، 8 جولائی تک تمام مسافروں کے مسائل حل کرنے کی مہلت بھی دے دی۔

سی اے اے کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں قطر ایئرویز، ترکش ایئرلائن، ایمریٹس ایئرلائن، اتحاد ایئرویز اور فلائے دبئی کو کہا گیا ہے کہ پروازیں منسوخ کرنے سے مسافروں کو رہائش، کھانے پینے کی مد میں مالی نقصان اور ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیے، پاکستان آنے والے مسافروں کی رہائش اور واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو ٹکٹوں کی واپسی اور نقصان کے ازالے کو معاوضے کی ادائیگی کی صورت میں یقینی بنایا جائے، 8 جولائی تک مسائل کا حل نہ نکالا گیا تو سی اے اے سخت کارروائی کا حق رکھتی ہے

کراچی سے مسقط کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلانے کا اعلان۔

دریں اثنا پی آئی اے نے کراچی سے مسقط کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلانے کا اعلان کردیا۔ قومی ائرلائن انتظامیہ کے مطابق کراچی سے مسقط کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی قبل ازیں کراچی سے مسقط کے لیے ہفتے میں ایک پرواز آپریٹ کی جاتی تھی۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق ایک پرواز کا اضافہ مذکورہ روٹ پر مسافروں کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا ہے جس کے بعد مسقط جانے والے مسافروں کو سہولت ملے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں