پاکستان نے انڈین ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون پرواز کا بھارتی پروپیگنڈا مسترد کردیا

بھارت کی طرف سے اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، دفتر خارجہ

بھارت کی طرف سے اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، دفتر خارجہ ۔ فوٹو : فائل

دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز سے متعلق بھارتی الزام کو مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن کی حدود کے اوپر ڈرون کی پرواز کے الزام پر بھارتی وزارت خارجہ کا بیان اور بھارتی میڈیا کی رپورٹس دیکھی ہیں، ان دعوؤں کی نہ کوئی بنیاد ہے اور نہ ہی پاکستان سے اس الزام کے بارے میں کوئی ثبوت شیئر کیا گیا۔


ترجمان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے یہ پراپیگنڈا مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب 23 جون کو لاہور دھماکے میں حاصل ہونے والے شواہد اس میں بیرونی طاقتوں کے ملوث ہونے کی طرف اشارے کررہے ہیں، اس کے ڈانڈے پاکستان کے خلاف ریاستی اسپانسرڈ دہشت گردی سے ملتے ہیں، پاکستان جھوٹے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، جموں و کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔
Load Next Story