فلسطین صرف ’زمین ‘ کا مسئلہ نہیں حصہ اول
اسرائیل اور فلسطین کے درمیان یہ کوئی پہلی جنگ بندی نہیں اور نہ ہی آخری ثابت ہوگی۔
گیارہ روز تک اسرائیل اور فلسطینیوں میں جاری تنازع میں غزہ میں 240 اور اسرائیل کے 12افراد کی جانیں گئیں اور بالآخر 21مئی کو جنگ بندی کا معاہدہ ہوگیا۔ لیکن حالات دوبارہ کشیدہ ہونے کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔
ماضی کی طرح اس بار بھی اسرائیل کو جدید ٹیکنالوجی اور عسکری قوت کی وجہ سے مدِ مقابل پر برتری حاصل رہی لیکن ساتھ ہی اس بات کی فوری اہمیت کا ادراک بھی ہوتا ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات کا مستقل حل کتنا ضروری ہوچکا ہے۔ کیوں کہ یہ مسائل کسی بھی وقت قابو سے باہر نکل سکتے ہیں۔
اسرائیل اور فلسطین کے درمیان یہ کوئی پہلی جنگ بندی نہیں اور نہ ہی آخری ثابت ہوگی۔ 1948 کے بعد سے مسئلہ فلسطین ایک سے دوسری دہائی تک کھنچتا چلا آتا ہے۔ گاہے کہیں پُرامن تصفیے کی امید ٹمٹاتی ہے جو جلد واہمہ ثابت ہوجاتی ہے۔
میں ان گنے چنے پاکستانیوں میں سے ہوں جنھیں اسرائیل جانے اور براہ راست مشاہدے کا موقع ملا ہے۔ مئی2003 میں عالمی اقتصادی فورم کے اردن میں ہونے والے اجلاس سے واپسی پر میرے دوست 'لارڈ' زاہد رحیم کی مہربانی سے یہ دورہ ممکن ہوا۔ وہ اس وقت خطے میں شامل سات ملکوں میں اسٹینڈرڈ چارٹر بینک کے سربراہ تھے جن میں اسرائیل بھی شامل تھا۔
میرا اسرائیل کا یہ دورہ ایک غیر معمولی انسان اور ہنگرین نژاد اسرائیلی آنجہانی کرنل ڈیوڈ یرکونی کی درخواست پر ہوا تھا جو پاکستان سے بہت دل چسپی رکھتے تھے اور مذہب کی بنیاد پر قیام کی وجہ سے اسرائیل اور پاکستان کا موازنہ کیا کرتے تھے۔ وہ میری زیرِ ادارت شائع ہونے والے 'ڈیفینس جرنل' میں شامل مضامین پر تواتر کے ساتھ اپنے تبصروں سے مجھے آگاہ کرتے تھے۔
کرنل یرکونی ہولوکاسٹ کے عینی شاہد تھے۔ وہ صرف 14برس کے تھے جب 1944کے اپریل کے وسط میں ناشتے کے وقت ہٹلر کے ماتحت نیم فوجی تنظیم 'ایس ایس' انھیں والدین کے ساتھ ریلوے اسٹیشن لے آئی تھی۔ لڑکپن میں یرکونی نے آخری مرتبہ اپنی ماں کو اس وقت دیکھا تھا جب وہ آسکویچ پہنچے تھے۔ اس کے چار ماہ بعد ان کے والد بھی چل بسے جنھیں ایک مہلک انجیکشن لگایا گیا تھا۔ ان کے واقعات کے بعد انھیں جرمنی اور اٹلی کے راستے ایک کارگو جہاز کے ذریعے تین سال لگے تھے۔
اسرائیل میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے میری ملاقات رہی۔ برالان یونیورسٹی کے پروفیسر افراہیم انبار اور ان کے ساتھیوں سے ہونے والی ملاقات میں انھوں نے مجھے مغربی کنارے اور یروشلم پر اسرائیلی نقطۂ نگاہ بتایا۔ میں اس کا موازنہ مقبوضہ کشمیر سے کرتا ہوں۔ متعدد ممتاز سفارت کاروں نے مجھے فلسطین اور مسلم دنیا سے متعلق اسرائیل کی خارجہ پالیسی پر بریفنگ دی۔
یاسر عرفات اور رابن کے درمیان معاہدے کے باوجود اسرائیلی عرفات کے لیے تحقیر اور عدم اعتماد کے جذبات چھپانے کی کوشش نہیں کرتے تھے۔ کنگ ڈیوڈ ہوٹل میں ظہرانے پر میری کچھ عرب زعما سے بھی ملاقات ہوئی۔ وہاں مجھے انسدادِ دہشت گردی کے عالمی شہرت یافتہ ماہر کرنل جوناتھن فہل سے براہ راست یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ افغانستان میں جنگ نے کس طرح بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کو ایندھن فراہم کیا اور اسرائیل 'دہشت گردی کے خلاف جنگ' کی کیا تعبیر کرتا ہے۔
اسرائلی پارلیمنٹ کے رکن اور ذیلی کمیٹی برائے دفاعی منصوبہ بندی و پالیسی کے چیئرمین بریگیڈیر جنرل افراہم سنیہ پاکستان سے وسیع تر تعلقات کے پُرزور حامی تھے۔ ان سے گفتگو میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات پر بات ہوئی۔ اسرائیل میں کم از کم جن لوگوں سے میری ملاقات ہوئی ان میں مجھے کسی مرحلے پر پاکستان یا مسلمانوں کے خلاف عداوت یا برے جذبات محسوس نہیں ہوئے۔ البتہ فلسطینیوں اور عربوں کے لیے عدم اعتماد ضرور دیکھا۔
اسرائیل کی گلیوں بازاروں میں گھومتے ہوئے ایسے ہی محسوس ہوتا ہے کہ آپ یورپ میں گھوم رہے ہیں تاہم کبھی کبھار سڑک کنارے اور بس اڈوں پر باوردی اور مسلح مردوخواتین فوجی نظر آتے ہیں۔ یہ بھی ڈیوٹی پر نہیں ہوتے بلکہ گھر واپس جاتے ہوئے اپنے ہتھیار بھی ساتھ لے کر جارہے ہوتے ہیں۔چند ایک ریٹائرڈ لوگوں کے سوا اسرائیلی بالعموم فلسطینیوں کے ساتھ بقائے باہمی کے قائل ہیں۔
اگرچہ بالخصوص حماس کی وجہ سے وہ اس خیال کا کھل کا اظہار نہیں کرتے۔ اسرائیل میں سیکیورٹی بہت سخت ہوتی ہے تاہم وہاں خوف اور شبہات کی فضا نظر نہیں آتی۔ لیکن مغربی کنارے میں حالات بالکل مختلف ہے جہاں بکتر بند گاڑیاں نظر آتی ہیں، یہودی اور فلسطینی راہ گیروں میں خوف اور شبہات کی فضا محسوس ہوتی ہے۔
میں نے اپنے میزبانوں کے ساتھ یروشلم کے مسیحی، یہودی اور مسلمان علاقوں میں بلا روک ٹوک سفر کیا۔ مجھے 'دیوار گریہ' دیکھنے کا موقعہ بھی ملا اور وہ سرنگ بھی دیکھی جہاں ہیکل کی بنیادوں کی تلاش جاری تھی۔ میں نے جب قدیم یروشلم جانے کا ارادہ ظاہر کیا تو اسرائیلیوں نے کہا کہ وہاں وہ میری حفاظت کی ضمانت نہیںدے سکتے۔
قدیم یروشلم کے دورے کے موقعے پر جب دروازے پر کھڑے فلسطینی گارڈز کو پتا چلا کہ میں پاکستانی ہوں تو وہ مجھے سیر کروانے ساتھ لے کر چل پڑے۔ مجھے اقصی میں نماز ظہر اور قبۃ الصخرہ میں عصر ادا کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
مئی 2003میں اسرائیل کا میرا یہ دورہ دوسرے انتفادہ کے دوران ہوا تھا جو اسرائیلی وزیر اعظم ایرئیل شیرون کے2000میں ہیکل کے متنازع دورے کے بعد شروع ہوا تھا۔ پانچ سال جاری رہنے والے اس انتفادہ میں تین ہزار فلسطینیوں اور800 فلسطینیوں کی جانیں گئی تھیں۔ اس کے بعد مغربی کنارے میں رکاوٹیں تعمیر ہوئیں لیکن ساتھ ہی اسرائیل کو غزہ کی پٹی سے دست بردار ہونا پڑا تھا۔
سولہ برس بعد ایک بار پھر اسلام میں مقدس ترین سمجھے جانے والے مقامات پر اسرائیلی پولیس کے بہیمانہ تشدد کی وجہ سے ایک تنازعے نے جنم لیا۔ اس سے قبل 230شدت پسند یہودیوں نے ہیکل کی جانب ہلہ بول دیا اور اسرائیلی پولیس نے انھیں مسجد اقصی میں داخل ہونے دیا۔ فلسطینی اتھارٹی اور اُردن نے اس پر احتجاج کیا۔ اسرائیل کی جانب سے اشتعال انگیزی جاری رہی جو ماہ رمضان میں اور بھی بڑھ گئی جب انتہا پسند یہودیوں نے ایک بار پھر ٹیمپل ماؤنٹ کا رُخ کیا۔ (جاری ہے)
(فاضل کالم نگار سیکیورٹی اور دفاعی امور کے تجزیہ نگار ہیں۔ مسئلہ فلسطین پر ان کا یہ طویل انگریزی مضمون جریدے 'نیریٹیو ' میں شائع ہوچکا ہے جسے قسط وار یہاں پیش کیا جارہا ہے)