ویکسین لگوائیے اور پائیے۔۔۔

دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا کی ویکسینیشن کرانے کے عوض دی جانے والی سہولتیں اور انعامات


دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا کی ویکسینیشن کرانے کے عوض دی جانے والی سہولتیں اور انعامات۔ فوٹو: فائل

کووڈ 19کی جان لیوا وبا کا ظہور ہوئے ڈیڑھ برس کا عرصہ گزرچکا ہے۔ اس عرصے میں کورونا کا وائرس تقریباً 39 لاکھ انسانوں کو نگل چکا ہے۔

دنیا بھر میں اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باوجود بے شمار انسانوں کے ذہنوں میں اس مہلک مرض اور اس سے بچاؤ کی ویکسین کے خلاف ہنوز شکوک و شبہات پائے جارہے ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ایک بڑی تعداد اب بھی کورونا کو کوئی عالمی سازش اور محض ڈراما سمجھتی ہے اور اسی لیے اس وائرس کی ویکسین لگوانے سے گریزاں اور ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عالمی وبا کا خاتمہ کرنے کے لیے تمام بالغ آبادی کو ویکسی نیشن کے عمل سے گزارنا ناگزیر ہے۔ اگر ویکسی نیشن میں کوتاہی برتی گئی تو کووڈ 19سے چھٹکارا مشکل تر ہوجائے گا۔

دل چسپ امر یہ ہے کہ کورونا اور اس کی ویکسین کے حوالے سے شکوک و شبہات دنیا بھر میں پائے جارہے ہیں۔ اس میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر خطوں کی کوئی تخصیص نہیں ہے۔ ترقی پذیر کے ساتھ ساتھ ترقی یافتہ ممالک میں بھی کورونا کو فراڈ اور سازش قرار دیتے ہوئے لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا جاتا رہا ہے۔ شکوک و شبہات کی یہ فضا ویکسی نیشن کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہورہی ہے کیوں کہ لوگوں کی نمایاں تعداد ویکسین لگوانے سے کترا رہی ہے۔

اس کے تدارک اور عوام الناس کو ویکسی نیشن پر آمادہ کرنے کے لیے حکومتیں جہاں سخت قواعد لاگو کررہی ہیں وہیں ویکسین لگوانے والوں کے لیے انعامات اور مختلف سہولتوں کا لالچ بھی دیا جارہا ہے۔ مختلف ممالک میں جہاں حکومتوں نے ویکسی نیشن کو سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین اور عوام الناس کے لیے لازمی قرار دیا ہے اور ویکسین نہ لگوانے پر سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے وہیں نجی کمپنیاں بھی اپنے ملازمین کو ویکسی نیشن پر آمادہ کرنے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہیں۔

امریکا

معاوضہ:گھریلو اشیائے صرف کے اسٹورز کی معروف جرمن چین Aldi 20ممالک میں پھیلے اپنے اسٹورز کے ملازمین کو ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے پر دو گھنٹے کے معاوضے کے مساوی رقم دے رہی ہے۔ ملازمین کو کورونا کی ویکسین لگوانے کے لیے اوقات کار کے دورانیے میں بھی چھوٹ دی جارہی ہے۔

امریکا کی نیشنل ٹرین سروس نے حال ہی میں اپنے 20ہزار ملازمین کے اعلان کیا ہے کہ ویکسین لگوانے کا ثبوت پیش کریں اور ہر ڈوز کے بدلے دو گھنٹے کے معاوضے کے مساوی رقم حاصل کریں۔ اس کے علاوہ سائیڈ افیکٹس ظاہر ہونے کی صورت میں ریلوے کمپنی نے ملازمین کو رخصت لینے کی بھی پیش کش کی ہے۔

ڈیری کی مصنوعات بنانے والی کمپنی Chobani نے ملازمین سے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے میں ان کے جو تین گھنٹے صرف ہوں گے، وہ کام سے رخصت شمار نہیں ہوں گے اور ان گھنٹوں کا انھیں معاوضہ دیا جائے گا۔

اپنے ملازمین کو اسی طرح کی پیش کش ٹارگٹ، کروگر، لڈل اور دیگر چین اسٹورز کررہے ہیں تاکہ کووڈ کے پھیلاؤ کو روکنے میں کردار ادا کیا جاسکے۔

مفت کھانے: امریکی ریاست انڈیانا میں ویکسی نیشن اپوائنمنٹ حاصل کرنے پر گرل اسکاؤٹ کوکیز پہنچائی جارہی ہیں۔ نیویارک میں برگر کی چین ''شیک شیک'' کے آؤٹ لٹس پر برگر یا سینڈوچ کی خریداری کے ساتھ ویکسین لگوانے والوں کے لیے مفت کرنکل فرائز فراہم کیے گئے۔ ڈونٹ چین ''کرسپی کریمی'' کی کسی بھی آؤٹ لٹ پر ویکسی نیشن کارڈ دکھا کر سال کے باقی ایام میں روزانہ ایک ڈونٹ مفت لی جاسکتی ہے۔ اسی نیویارک میں ''ناتھن'' کے ہاٹ ڈاگ سے ویکسین لگوانے کے بعد مفت لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ کھانوں کے علاوہ امریکا کے کئی شہروں میں ویکسی نیشن کے ذریعے کورونا سے محفوظ ہونے والے شہریوں کے لیے مفت الکوحل بھی فراہم کی جارہی ہے۔

نقد انعامات: نیویارک، کیلے فورنیا، اوریگون، نیومیکسیکن، ویسٹ ورجینیا، اوہایو اور کئی دیگر امریکی ریاستوں میں ڈھائی لاکھ ڈالر سے لے کر 15 لاکھ ڈالر انعامی رقم کی حامل لاٹریوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان لاٹریوں کے ٹکٹ صرف انھی افراد کو فروخت کیے جارہے ہیں جو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگواچکے ہوں۔

اسکالرشپ: اوہایو میں لاٹری کے ذریعے اسکالرشپس دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ یہ اسکالرشپ 12 سے 17سال تک کی عمر کے طلبا کے لیے ہوں گی جنھیں کورونا ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگائی جاچکی ہو۔

شکار کا لائسنس: امریکا کی شمال مشرقی ریاست مینے ( Maine ) نے مچھلی اور جنگلی جانوروں کے شکار کے پانچ پانچ ہزار لائسنس بذریعہ قرعہ اندازی 18سال سے زائد العمر ان شہریوں کو دینے کا اعلان کیا جو کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگواچکے ہوں۔ آرکنساس میں کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگوانے والوں کو 20 ڈالر مالیت کا سرٹیفکیٹ دیا جارہا ہے جسے مچھلیوں اور جنگلی جانوروں کے شکار کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ویسٹ ورجینیا کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا کی ویکسین لگوانے والوں میں پانچ شکاری رائفلیں اور پانچ ہی شاٹ گن بطور قرعہ اندازی تقسیم کی جائیں گی۔

کھیل کے مقابلوں کے مفت ٹکٹ: نیشنل فٹبال لیگ ( NFL) نے ان 50 افراد کو مفت ٹکٹ دیے جنھوں نے اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ انھوں نے کورونا ویکسین کیوں لگوائی اور اس کی کیا اہمیت و افادیت ہے۔ اسی طرح ایم ایل بی ٹیم نے اپنے اسٹیڈیم میں ویکسی نیشن سینٹر قائم کیے جہاں ویکسین کی ڈوز لگانے کے ساتھ میچ کا ایک مفت ٹکٹ بھی دیا گیا۔

بھارت

نقد انعامات: بھارت، امریکا کے بعد کورونا سے متاثرہ دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ بھارتی عوام میں بھی کووڈ 19 اور کورونا کی ویکسین کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ شہریوں کو ویکسی نیشن کی جانب راغب کرنے کے لیے مودی سرکار نے 10 بہترین انٹریز کے لیے فی کس پانچ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ ویکسین لگواتے ہوئے اپنی تصاویر کھنچوا کر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں۔

ویکسی نیشن کے اخراجات: بھارت میں سرگرم عمل ملکی اور غیرملکی کمپنیوں جیسے کیپ جمینی، انفوسس، آکسینچر، ولوو، ریلائنس ، انڈیگو اور اپ گریڈ وغیرہ نے اعلان کیا کہ وہ اپنے ملازمین کی ویکسی نیشن کے اخراجات خود برداشت کریں گی۔مہاراشٹر میں چتالے گروپ اور گجرات میں سونی کمیونٹی ویکسی لگوانے والے افراد میں مختلف تحائف تقسیم کرتے ہیں۔ چتالے گروپ مہارٹا چیمبر آف کامرس کے تعاون سے ویکسی نیشن کے سرٹیفکیٹ پیش کرنے والوں کے لیے اسنیکس مفت فراہم کررہا ہے۔ گڑگاؤں کے ایک ریستوراں میں ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ دکھانے پر بیئر مفت میں دی جارہی ہے۔

مفت ٹماٹر: ہندوستانی ریاست چھتیس گڑھ کے گاؤں بیجاپور میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھنے پر ویکسن لگوانے پر ہر فرد کو دو کلو ٹماٹر مفت دینے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس اقدام کے حوالے سے ریاستی حکام نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ بیجاپور میں کورونا کا پھیلاؤ تیزی سے وسیع ہورہا تھا اس لیے مقامی لوگوں کو ویکسی نیشن پر آمادہ کرنے کے لیے یہ اسکیم شروع کی گئی کیوں کہ ٹماٹر بہت مہنگے ہوگئے ہیں، اس اسکیم کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور کووڈ 19سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے کی شرح کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ ہریانہ میں ایک اسٹور کی انتظامیہ نے کچھ ایسی ہی اسکیم شروع کی۔ ویکسین لگوانے والا ہر فرد ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھا کر اسٹور سے محض پانچ روپے میں ایک کلو ٹماٹر، پیاز اور آلو حاصل کرسکتا تھا۔

طلائی نتھ اور ہینڈ بلینڈر: گجرات کے سناروں نے بھی ضلع راج کوٹ کے شہریوں میں ویکسی نیشن کی شرح بلند کرنے کے لیے کمر کس لی۔ اپریل میں سونی کمیونٹی نے راج کوٹ میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے شہر بھر میں ویکسین کیمپ قائم کیے۔ ان کیمپوں میں ویکسین لگوانے کے بعد خواتین کو طلائی نتھ اور مردوں کو ہینڈ بلینڈر مفت دیے گئے۔

مفت کھانا: راج کوٹ میں سرگرم عمل ''جان ویژن'' نامی تنظیم کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے والے شہریوں کو ناشتہ اور دو وقت کا کھانا بلامعاوضہ فراہم کررہی ہے۔ دہلی میں ملکی اور غیرملکی ریستورانوں نے ویکسی نیشن کے عمل سے گزر کر آنے والوں کے لیے نرخوں میں 20تا 30 فیصد کمی کردی ہے، جب کہ کناٹ پلیس میں واقع کئی ریستوراں انھیں مفت کھانا فراہم کررہے ہیں۔

گاڑی کی بلامعاوضہ مرمت؍ اسٹیشنری پر رعایت: گجرات ہی ایک اور شہر مہسانا میں ایک کار ورکشاپ سے شہری کورونا ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ دکھاکر اپنی گاڑی بلامعاوضہ ٹھیک کرواسکتے ہیں اور اسپیئرپارٹس پر بھی 10فیصد رعایت حاصل کرسکتے ہیں۔ وڈودرا میں اسٹیشنری کی دکان کا مالک کملیش شاہ کورونا کی ویکسین لگوانے والے گاہکوں کو سامان پر 10فی صد اضافی رعایت دے رہا ہے۔ اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے اس نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ویکسی نیشن کے آغاز کو کئی ماہ ہوچکے ہیں مگر لوگوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی ویکسین لگوانے سے گریزاں ہے جس کی وجہ سے کورونا کے کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسی لیے میں نے یہ اسکیم شروع کی ہے کہ گاہک کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھاکر اضافی 10فی صد رعایت پر سامان خرید سکتے ہیں۔

اوبر کی مفت سروس: آن لائن کار سروس اوبر نے 35 بھارتی شہروں میں 10کروڑ روپے کی لاگت سے مارچ میں ایک پروگرام شروع کیا تھا جس کے تحت مسافروں کو ویکسی نیشن کے مراکز تک لانے اور لے جانے کے لیے کوئی کرایہ وصول نہیں کیا جارہا۔

روس

روس میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ ویکسی نیشن کی شرح توقع کے مطابق نہیں۔ شہریوں کو ویکسی نیشن کی جانب راغب کرنے کے لیے مختلف کوششیں کی جارہی ہیں۔ روسی دارالحکومت ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے چند روز قبل ویکسی نیشن کروانے والے شہریوں کو بذریعہ قرعہ اندازی کاریں دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہر ہفتے قرعہ اندازی میں پانچ کاریں خوش نصیب شہریوں کے حوالے کی جائیں گی۔

سربیا

سربیا کے صدر الیگزینڈر نے اعلان کیا کہ حکومت ویکسین کے ذریعے خود کو کووڈ 19 سے محفوظ کرنے والوں کو نقد انعامات دے گی۔ صدر الیگزینڈر نے یہ اقدام ماہ رواں کے ابتدائی ایام میں ویکسی نیشن کی شرح میں کمی آنے کے بعد کیا۔

اسرائیل

اسرائیل اپنی اکثریتی آبادی کو کورونا ویکسین لگوانے والے اولین ممالک میں شامل ہے۔ شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسرائیلی حکومت نے مختلف انعامات اور اسکیموں کا اعلان کیا۔ ویکسین لگوانے والے شہریوں کو جم، ہوٹلوں اور ریستورانوں میں خصوصی رعایات دی گئیں۔

دبئی

مئی کے ابتدائی دو ہفتوں میں دبئی کے شہریوں کو ویکسی نیشن مکمل کروانے پر جم اور فٹنس سینٹرز کی سہولیات سے بلامعاوضہ استفادہ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |