شاہین آفریدی کی حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر مبارکباد

حارث رؤف کو گزشتہ روز پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے


Sports Reporter July 04, 2021
حارث رؤف کو گزشتہ روز پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے

پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر شاہین آفریدی نے حارث رؤف کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پی سی بی کے لیے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوست اور ساتھی کرکٹر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے، اس موقع پر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت کی خبر ملنے پر بہت خوش ہوں اور اس سے مزید حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔

انٹرویو کے دوران فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے شاہین شاہ آفریدی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں سیریز ہمیشہ چیلنجنگ رہتی ہے تاہم وہ میزبان ٹیم کے خلاف 8 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں بہتر باؤلنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اتفاق کیا ہے کہ وہ باؤلنگ میں اچھی شراکت داری قائم کرکے میزبان ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ برطانیہ کی حکومت نے اب شائقین کو بھی اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

حارث رؤف نے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ فینز کے سامنے پرفارم کرنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں جب کہ شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ برطانیہ میں کراؤڈ کے سامنے بولنگ کرکے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں پیدا ہونے والے حارث رؤف کو گزشتہ روز پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔27 سالہ فاسٹ باؤلر گزشتہ سال ایمرجنگ کٹیگری کا حصہ تھے۔ ان گزشتہ 12 ماہ میں، حارث رؤف نے 22 اننگز میں 26.12 کی اوسط اور 7.46 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 31 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں