نیوزی لینڈ نے گھر کے شیر بھارت کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست دے دی

بارش کی وجہ سے میچ 42اوورز تک محدود کردیا گیا جس میں دھونی الیون 295 رنزکے تعاقب میں 277 رنز ہی بنا سکی

نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو؛ گیٹی امیج

نیوزی لینڈ نے بھارت کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 15 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی، کین ولیم سن کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے سیڈن پارک ہیملٹن میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں میزبان ٹیم نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 15 رنز سے کامیابی حاصل کر کے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے، بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت کو جیتنے کے لئے 41.3 اوور میں 295 رنز کا ہدف دیا گیا تاہم دھونی الیون مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنا سکی، بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 78، مہندرا سنگھ دھونی نے 56، اجنکیا رہانے نے 36 اور سریش رائنا نے 35 رنز اسکور کئے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4 اور کورے اینڈرسن نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔


قبل ازیں میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو بارش کی وجہ سے میچ کو 42 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنائے، کین ولیم سن نے 77، روز ٹیلر نے 57، مارٹن گپٹل نے 44 اور کورے اینڈرسن نے 17 گیندوں 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے جارحانہ 44 رنز اسکور کئے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3 جبکہ بھونیشور کمار، ایشانت شرما، رویندرا جڈیجا اور سریش رائنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے نیپیئر پارک میں کہیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی بھارت کو 24 رنز سے شکست دی تھی۔
Load Next Story