اپوزیشن صرف پراپیگنڈے کی ماہر ہے انہیں عوام کے مسائل سے سروکار نہیں عثمان بزدار

اپوزیشن پاکستان کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی ، وزیر اعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک July 05, 2021
جیل مینول میں تبدیلی کر کے قیدیوں کی زندگیوں میں آسانیاں لائیں گے، عثمان بزدار فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں،یہ لوگ صرف پراپیگنڈے کے ماہر ہیں۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور محکمانہ کارکردگی پر بات چیت کی گئی، فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد کسی حکمران نے جیلوں میں جا کر قیدیوں کی صورتحال کا جائزہ نہیں لیا، پنجاب حکومت نے جیلوں کے نظام میں دور رس اصلاحات کی ہیں، 125 سال (1894) پرانے جیل کے قوانین میں ترامیم لائی جا رہی ہیں، نظام میں اصلاحات کا مقصد جیلوں میں قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہے- پہلی بار کسی وزیراعلیٰ نے 10سے زائد جیلوں کے دورے کئے اور قیدیوں کے مسائل خودجا کر دیکھے، قیدیوں کو بھی بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں، جیل نظام میں اصلاحات لاکر قیدیوں کے لئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، جیلوں میں قیدیوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے، پنجاب کی 21جیلوں میں پریزنرز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا آغازہوچکا ہے، پنجاب کی 7جیلوں میں ملٹی سٹوری بیرکس بنائی جارہی ہیں، فرسودہ جیل مینول کووقت کے نئے تقاضوں کے مطابق تبدیل کیا جائے گا- جیل مینول میں تبدیلی کر کے قیدیوں کی زندگیوں میں آسانیاں لائیں گے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں،یہ لوگ صرف پراپیگنڈے کے ماہر ہیں، یہ عناصر پاکستان کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا تیا پانچہ ہوچکا، کرپشن زدہ تھالی کے چٹے بٹے اب بکھر چکے ہیں کرپٹ ترین اپوزیشن نااہلوں او رنالائقوں کا سند یافتہ ٹولہ ہے، اپوزیشن سن لے کہ حکومت کھوکھلے نعروں سے جانے والی نہیں، یہ عوام کی خدمت کیلئے نہیں بلکہ پیسہ بنانے کیلئے پھر سے اقتدار چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں