پاکستان سے ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز کے فلائٹ آپریشن کے معطلی میں توسیع

ایمریٹس ایئر لائنزنے 15جولائی اور اتحاد ایئرلائنز انتظامیہ نے21 جولائی تک پروازیں معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے

پاکستانی مسافر دبئی اور ابوظہبی کے درمیان پروازیں بحال نہ ہونے سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں فوٹو: فائل

پاکستان سے ایمریٹس اور اتحاد ایر لائنز انتظامیہ نے فلائٹ آپریشن کے معطلی میں توسیع کردی ہے۔


کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان سے ایمریٹس اور اتحاد ایر لائنز انتظامیہ نے اپنے فلائٹ آپریشن مزید معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ایمریٹس ایئر لائنز نے پاکستان سمیت سری لنکا اور بنگلا دیش سے دبئی کے لئے فلائٹ آپریشن مزید 15جولائی تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کورونا وبا کو دیکھنے کے بعد ہی پروازیں پاکستان سمیت بنگلا دیش اور سری لنکا سے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، ایمریٹس ایئر لائنز انتظامیہ کی جانب سے تمام ٹریولز ایجنٹس اور بکنگ ایجنسیز کو نوٹی فکیشن بھجوادیا گیا ہے۔

پاکستان سے ابوظہبی کے لئے ایک اور خلیجی نجی فضائی کمپنی اتحاد ایئر لائن نے بھی کورونا وائرس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن 21 جولائی تک معطل کردیا ہے، اتحاد ایئر لائن کی جانب سے بھی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے کہ اس دوران مسافروں کی کسی بھی کلاس کے لئے بکنگ نہ کی جائے، موجودہ وبا اور عالمی سطح پر ایئر لائینز کے آپریشن کی بحالی کے لئے جو ہدایات جاری ہوں گی اس کی روشنی میں ہی پاکستان سے اتحاد ایر لائنز انتظامیہ مسافروں کی مختلف کلاسوں میں ہدایات کے مطابق بکنگ کا عمل شروع کرے گی لیکن 21جولائی تک اتحاد ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن معطل رہے گا اور کسی بھی مسافر کی بکنگ نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ نجی ایر لائنز کی پروازیں معطل ہونے سے پاکستان سے متعدد مسافر دبئی اور ابوظہبی کے درمیان پروازیں بحال نہ ہونے سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔
Load Next Story