چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

گورنر پنجاب چودھری سرور نے ان سے حلف لیا


Staff Reporter July 06, 2021
گورنر پنجاب چودھری سرور نے ان سے حلف لیا

جسٹس محمد امیر بھٹی نے بطور 51 ویں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا۔ چیف جسٹس حلف اٹھانے کے بعد عدالت عالیہ پہنچے تو ان کا شاندار پرتپاک استقبال کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے فاضل چیف جسٹس کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کے فیملی ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

جسٹس محمد امیر بھٹی لاہور ہائی کورٹ کے 51ویں چیف جسٹس ہیں۔ حلف برداری کی پروقار تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور دیگر ججز، سرکاری وکلا سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ حلف برداری تقریب کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا گیا ۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے واضح کیا کہ عدالتی افسران اپنے اپنے کام پر توجہ دیں اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے حلف اٹھانے کے بعد پہلا فیصلہ یہ کیا کہ رجسٹرار مشتاق اوجلہ کو تبدیل کرکے قصور تعینات کردیا جبکہ سیشن جج عرفان سعید کو رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔