میشا شفیع علی ظفر سے میزبانی کروانے پر ایوارڈ شو انتظامیہ پر برہم

مجھے ایوارڈز میں نامزد کرنا چھوڑدیں، میشا شفیع کی ایوارڈ انتظامیہ سے درخواست


ویب ڈیسک July 06, 2021
ایوارڈ شو کی کی میزبانی گلوکار و اداکار علی ظفر اور اداکارہ عروہ حسین نے کی تھی فوٹوفائل

گلوکارہ میشا شفیع نے گلوکار و اداکار علی ظفر سے ایوارڈ کی تقریب میں میزبانی کروانے پر ایوارڈ شو کی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

دو روز قبل نجی ٹی وی چینل کی جانب سے اسٹائل ایوارڈز کی تقریب لاہور میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادئیے۔ ایوارڈ شو کی میزبانی گلوکار و اداکار علی ظفر اور اداکارہ عروہ حسین سمیت متعدد فنکاروں نے کی تھی۔



تاہم گلوکارہ میشا شفیع علی ظفر سے ایوارڈ شو کی میزبانی کروانے پر زیادہ خوش نظر نہیں آئیں اور انہوں نے ایوارڈ شو کی انتظامیہ پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حریم شاہ کا ایوارڈ شو میں اداکاراؤں پر بے حیائی پھیلانے کا الزام

میشا شفیع نے ٹوئٹر پر لکھا ''ایک سیکنڈ۔۔ آپ جشن مناتے ہیں، ایوارڈ دیتے ہیں، ہراساں کرنے والوں کا دفاع اور حمایت کرتے ہیں، یہ خبریں اب پرانی ہوچکی ہیں، لہذا کوئی تعجب کی بات نہیں''۔ میشا شفیع نے علی ظفر کا نام لیے بغیر شو انتظامیہ کو اس بات پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے تقریب کی میزبانی علی ظفر سے کروائی۔

گلوکارہ میشا شفیع نے اپنی ٹوئٹ میں ایوارڈ کا نام مینشن کرتے ہوئے لکھا براہ مہربانی مجھے ایوارڈز میں نامزد کرنا بند کریں۔



واضح رہے کہ تین برس قبل میشا شفیع نے می ٹو مہم کے تحت علی ظفر پر الزام لگایا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک نہیں بلکہ کئی بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا ہے۔ علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے جواب میں ان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ میشا شفیع نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے مجھ پر جنسی ہراسانی کے بے بنیاد الزامات عائد کیے جس کے نتیجے میں میری امیج داغدار ہوئی اور اہلخانہ کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔