فولادی اسکریپ کی قیمت میں دگنا اضافہ
عالمی مارکیٹ میں فولادی اسکریپ کی فی ٹن قیمت 287 ڈالر سے بڑھ کر 517 ڈالر تک پہنچ چکی
کورونا کے بعد تعمیراتی شعبے سمیت معیشت کے دیگر شعبوں کی بحالی سے فولاد کی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کا رحجان غالب ہے، رواں سال کے آغاز سے اب تک فولادی اسکریپ کی قیمت تقریباً دگنی ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس وقت عالمی مارکیٹ میں فولادی اسکریپ کی فی ٹن قیمت 287 ڈالر سے بڑھ کر 517 ڈالر ہوچکی ہے۔ فولادی اسکریپ کی فی ٹن قیمت میں 230 ڈالر فی ٹن کا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ چین کی حکومت نے بھی اپنے ہاں فولادی اسکریپ کی درآمد پر پابندی ختم کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے فولادی مصنوعات کی طلب بڑھ گئی ہے اور فولادی مصنوعات کی طلب میں 18 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مقامی مارکیٹ میں اسکریپ کی قیمت 90 فیصد تک بڑھ ہے۔ سریے کی مقامی قیمت میں 36 ہزار سے 40 ہزار روپے تک کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔