لیاری یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ مکمل وزیر اعلیٰ نے منظوری دیدی

جن افراد کی تقرری کی گئی ان میں سے کوئی بھی وی سی کی جانب سے نامزد نہیں کیا گیا تھا

2 سال سے سنڈیکیٹ نہ ہونے سے اساتذہ کی ترقیاں رکی ہوئی اورکلیدی عہدے خالی تھے۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ نے2سال کے طویل عرصے کے بعد بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کی سنڈیکیٹ مکمل کرتے ہوئے مختلف کیٹگریز پر نامزدگیوں کی منظور دیدی ہے۔

چار میں سے تین کیٹگریز''عالم دین، ممتاز سائنس پروفیسر اور ممتاز پروفیشنل'' میں جن افراد کی رکن سنڈیکیٹ کے طور پر تقرری کی گئی ہے ان میں سے کوئی بھی وائس چانسلر کی جانب سے نامزد ہی نہیں کیا گیا تھا، عالم دین کی نشست پر مطیع اللہ شاران، ممتاز سائنس پروفیسر پر ڈاکٹر اقبال لودھی، ممتاز پروفیشنل پر اقبال احمد بلوچ جبکہ ممتاز خاتون کی نشست پر سابق ایم پی اے نسرین چانڈیو کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق یونیورسٹی وائس چانسلر کی جانب سے عالم دین کی نشست صاحبزادہ معظم قریشی، سائنس پروفیشنل کے طور پر ڈاکٹر عابد اظہر، ڈاکٹر شکیل خان اور منظور سومرو جبکہ پروفیشنل کی نشست پر ڈاکٹر وسیم قاضی، الطاف شیخ اور انجینئر عبدالجبارکے ناموں کی سفارش کی تھی۔


یاد رہے کہ لیاری یونیورسٹی میں سینڈیکیٹ نہ ہونے کے سبب پوری یونیورسٹی کم از کم گزشتہ دو برسوں سے عضو معطل بنی ہوئی تھی اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے حال ہی میں حکومت سندھ کو لکھے گئے ایک خط میں یہ واضح کردیا تھا کہ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ میں گزشتہ دو سال سے اتنے اراکین بھی موجود نہیں کہ اجلاس بلاکر ملازمین و اساتذہ کی تقرریاں اور ترقیاں کی جاسکیں اور نہ ہی سلیکشن بورڈ کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے جس کے سبب اب ملازمین و اساتذہ نے ترقیاں نہ ہونے کے سبب ہڑتال کی حتمی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔

واضح رہے کہ سینڈیکیٹ کی حالیہ تکمیل سے قبل محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو لکھے گئے خط میں لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے حکومت سندھ پر یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ یہ سندھ کی وہ یونیورسٹی ہے جہاں سینڈیکیٹ نہ ہونے کے سبب رجسٹرار، کنٹرولر آف ایکزامینیشن، ڈائریکٹر کیو ای سی، ڈائریکٹر اوریک اور کئی شعبوں میں پروفیسرز کی اسامیاں خالی اور ان عہدوں کے سلیکشن بورڈز غیر معمولی تاخیر سے دوچار ہیں جبکہ دو سال سے یونیورسٹی کا بجٹ تک منظور نہیں ہوسکا۔

 
Load Next Story