دلیپ کمار کی رحلت

دلیپ کمار نے برصغیر کی فلم انڈسری پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔


Editorial July 08, 2021
دلیپ کمار نے برصغیر کی فلم انڈسری پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ فوٹو: فائل

برصغیر کے عظیم فلمی اداکار 98 سالہ دلیپ کمار (یوسف خان ) اگلے روز ممبئی میںاس دارفانی سے کوچ کرگئے ، وہ کئی برسوں سے گردے کی تکلیف اور نمونیا کی وجہ سے اسپتال میں داخل اور ڈسچارج ہوتے رہے، ان کی وفات کی خبر سن کر بالی وڈ کے نامور ستارے جن میں امیتابھ ، دھرمیندر، شاہ رخ، سلمان شامل تھے ، دلیپ کمار کی بیوہ سائرہ بانو کو دلاسہ دینے پہنچ گئے۔ ان کااصل نام یوسف تھااور ان کا آبائی تعلق پشاور شہر سے تھا۔

دلیپ کمار نے برصغیر کی فلم انڈسری پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ انھوں نے نیا دور، مغل اعظم، دیوداس، رام اور شیام، انداز، داغ، آن، مدھومتی اور گنگا جمنا نامی فلموں میں ناقابل فراموش ادکاری کے جوہر دکھائے اور وہ صف اول کے ہیرو بن گئے۔

دلیپ کمار نے 60سے زیادہ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور اداکاروں کے لیے مشعل راہ رہے، وہ 11 دسمبر 1922میں پشاور کے معروف قصہ خوانی محلے میں پیدا ہوئے۔وہ بھارتی فلم انڈسٹری کا اہم ترین ستون تھے ،چند سال قبل ان کی سوانح حیات 'دلیپ کمار: دی سبسٹینس اینڈ دی شیڈو' میں ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر نظر پڑتی ہے،اپنے زمانے کی خوبصورت ترین اداکارہ مدھوبالا سے ان کے عشق کے قصے بہت مشہور رہے لیکن انھوں نے اپنی عمر سے 20 سال سے زیادہ کم عمر اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔

وہ فن اداکاری میں ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے ، اور وہ لاکھوں ، کروڑوں دلوں کی دھڑکن تھے ،انھوں نے اپنے کام سے بالی وڈ کے سنہرے دور کی داغ بیل ڈالی،دلیپ کمار کو حکومت پاکستان نے بھی 1998 میں نشان امتیاز ایوارڈ سے نواز چکی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''شوکت خانم اسپتال کی تعمیر کا آغاز کیا تو عطیات جمع کرنے کے لیے دلیپ کمار نے نہایت سخاوت سے وقت دیا جسے میں کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔صدر مملکت عارف علوی نے برصغیر کے نامور اداکار یوسف خان عرف دلیپ کمار کی وفات پر اظہار گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دلیپ کمارکی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی لیجنڈ اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کے لیے دعا کی ہے۔ بلاشبہ دلیپ کمار کی وفات سے برصغیر کی فلم انڈسری کا ایک سنہری اور ناقابل فراموش عہد تمام ہوا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں