افغان اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں ہم ان کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے وزیرداخلہ

اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال کریں گے نہ کرنے دیں گے، شیخ رشید

اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال کریں گے نہ کرنے دیں گے، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پالیسی بہت واضح ہے کہ افغان اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، ہم کسی صورت افغانستان میں جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

12ویں کور کی سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان خطہ میں تبدیلیوں اور افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان کی پالیسی بہت واضح ہے کہ افغان اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں،
ہم کسی صورت افغانستان میں جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال کریں گے نہ کرنے دیں گے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فیٹف کے 27 میں سے 26 نکات پر مکمل عملدرآمد کیا لیکن ہمیں سیاسی طور پر متنازعہ بنایا جا رہا ہے، خطہ میں تبدیلیوں سے متعلق حالات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں، افغانستان میں پائیدار حکومت کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے، ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں خانہ جنگی نہ ہو، دونوں ملکوں کا امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے،چین، پاکستان، ترکی، روس اور ایران سب کی نظر خطہ میں بدلتی ہوئی صورتحال پر ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کا کام 85 فیصد مکمل کر لیا ہے، افغانستان میں ممکنہ صورتحال کے پیش نظرافغان شہریوں کی آمدورفت کا امکان ہے، آمدورفت روکنے کے لئے چمن اور طورخم بارڈز کو جدید آلات اور سسٹم سے لیس کیا جا رہا ہے، پاکستان کی طالبان کے حوالہ سے پالیسی بہت واضح ہے۔


وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے معاملہ پر وفاقی کابینہ حتمی فیصلہ کر ے گی، پاکستان کی معیشت اب ٹیک آف کر چکی ہے، آئندہ بجٹ میں شرح ترقی 4 فیصد سے زیادہ ہو گی۔

اس سے قبل نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، غیر ملکیوں کو ایلین کارڈ کےذریعے بینک اکاوَنٹس کھولنے کی اجازت ہوگی، افغانستان میں کورونا کا بہت مسئلہ ہے اور وہاں سنگین صورتحال ہے، طورخم بارڈر پر 4 سے 5 ہزار پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے جلد لائحہ عمل طے کریں گے، طورخم بارڈر کو ویکسینیشن کروانے کیلئے کھول رہے ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ روکنے کےلیے بڑا اقدام کرنے جارہے ہیں، پاکستان سے بیرون ملک منشیات نہیں جاتی بلکہ وہاں سے ادھر آتی ہے،70 سال میں 50 ہزار لوگ پاکستان داخل ہوئے، پاکستان میں داخل ہونے والے 40 سے 50 ہزار افراد کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت سے کوئی بات نہیں ہوگی جب تک وہ 5 اگست کے اقدامات نہیں اٹھاتے، برہان وانی کی شہادت پر کشمیر میں آج جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن مہم کیلئے عمران خان جلد جائیں گے، میں بھی الیکشن مہم میں حصہ لوں گا اور وزیراعظم کے ساتھ وہاں جاؤں گا، اور انشااللہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی۔ کالعدم ٹی ایل پی کے حوالے سے وزیرداخلہ نے بتایا کہ ٹی ایل پی کی فائل کابینہ میں بھیج رہے ہیں وہ فیصلہ کرے گی۔
Load Next Story