عالیہ بھٹ پریانکا چوپڑا کے نقش قدم پر چل پڑیں

عالیہ بھٹ نے حال ہی میں اپنے ہوم پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’ڈارلنگ‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز کیا ہے


ویب ڈیسک July 08, 2021
عالیہ بھٹ بالی ووڈ سے نکل کر اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے پریانکا چوپڑا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہالی ووڈ ٹیلنٹ ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ بالی ووڈ سے نکل کر اپنے انٹرنیشنل کیریئرمیں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اداکارہ پریانکا چوپڑا کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اپنے ہالی ووڈ کے خوابوں کی طرف پہلا قدم بڑھاتے ہوئے ایک ہالی ووڈ ٹیلنٹ ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ نے ہالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع حاصل کرنے کے لیے ایک امریکی ٹیلنٹ ایجنسی ڈبلیو ایم ای کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

دوسری جانب عالیہ بھٹ نے حال ہی میں اپنے ہوم پروڈکشن میں بننے والی فلم ''ڈارلنگ'' کی شوٹنگ کا آغاز کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ بہت جلد سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ''گنگو بائی کاٹھیاواڑی'' میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

عالیہ بھٹ نے''گنگو بائی کاٹھیا واڑی'' میں کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس فلم کی شوٹنگ 8 دسمبر 2019 کو شروع کی تھی اور فلم کی شوٹنگ ختم ہونے میں 2 سال لگ گئے۔ اس فلم کے سیٹ نے دو بار لاک ڈاؤن اور دو طوفان دیکھے، فلم کے ہدایت کار اور فنکاروں کو کورونا ہوا جس کی وجہ سے شوٹنگ کئی بار روکنی پڑی لیکن اس کے باوجود میں نے اس فلم سے بہت کچھ سیکھا۔

واضح رہے کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا ہالی ووڈ میں کئی پراجیکٹس میں کام کرچکی ہیں جن میں ڈراما ''کوانٹیکو''، فلم ''بے واچ'' اور ''دی وہائٹ ٹائیگر'' شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔