سندھ حکومت کا مرتضی وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کی قیادت نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دے دی


Staff Reporter July 08, 2021
پیپلز پارٹی کی قیادت نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دے دی (فوٹو : فائل)

سندھ حکومت نے کراچی میں سرکاری افسر کے بجائے سیاسی ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، بلدیاتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے اور پیپلز پارٹی کے امیج کو شہر میں مزید بہتر کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کے علاوہ پیپلز پارٹی کے دو دیگر رہنماؤں کے نام بھی ایڈمنسٹریٹر کراچی کے لیے زیر غور تھے تاہم منظوری مرتضیٰ وہاب کو ملی۔

ذرائع کا کہنا ہے آئندہ منگل کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی امریکا سے وطن واپسی کے بعد سندھ کابینہ کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں مرتضی وہاب کے نام کی کابینہ سے بھی حتمی منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خواہش تھی کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیج کو بہتر کرنے، شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے اندر سے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری ضروری ہے جس کے لیے قرعہ فال بیرسٹر مرتضی وہاب کے نام نکلا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر مرتضی وہاب کی تقرری کے لیے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی مراد علی شاہ کے درمیان مشاورت مکمل ہوگئی ہے تاہم ان کے نام کا صرف اعلان ہونا باقی ہے۔

وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مرتضی وہاب ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے شاندار کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ متحرک ہیں نوجوان ہیں اور کراچی کے مسائل کا بھرپور ادراک رکھتے ہیں، اگر وہ ایڈمنسٹریٹر بنتے ہیں تو یہ انتہائی خوش آئند عمل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔