وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور جانی خیل قبیلے میں کامیاب مذاکرات

وزیر اعلیٰ کا جانی خیل کے لیے دو ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان


ویب ڈیسک July 08, 2021
وزیر اعلیٰ کا جانی خیل کے لیے دو ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان

جانی خیل قبیلے کے مطالبات اور مسائل کے حل کے لئے حکومت اور جرگے میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے جانی خیل قبیلے کے عمائدین پر مشتمل 40 رکنی جرگے نے ملاقات کی۔ جرگے میں صوبائی وزیر شاہ محمد وزیر ، چیف سیکرٹری، آئی جی پی، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، کمشنر، آر پی او، ڈی سی اور ڈی پی او بنوں نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں 4 لڑکوں کا قتل، مظاہرین کا اسلام آباد کی طرف مارچ

وزیر اعلیٰ نے جانی خیل کے لیے دو ارب روپے خصوصی ترقیاتی پیکج، شکتو ڈیم کی تعمیر کے لئے دو ارب روپے ، جانی خیل میں پولیس اسٹیشن کی تعمیر، فرنٹئیر کانسٹیبلری میں جانی خیل کے جوانوں کی پانچ پلاٹونز بھرتی کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ ان پانچ پلاٹونز کے تمام تر اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

محمود خان نے کہا کہ جانی خیل قبیلے کے ساتھ جو معاہدہ کیا گیا ہے ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جانی خیل کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے، علاقے میں ہسپتال، سکول، کالج اور سڑکوں سمیت تمام ترقیاتی کام کیے جائیں گے، بعض عناصر نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے جانی خیل کے عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور جانی خیل جرگہ میں مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم کرنے کا اعلان

وزیراعلی نے کامیاب جرگے کے انعقاد پر جانی خیل کے عمائدین کا شکریہ اور انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ جبکہ جانی خیل عمائدین نے جرگہ منعقد کرنے اور ان کے مسائل سننے کے لئے وقت دینے پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں