جامعہ کراچی اورکالجوں میں روایتی دو سالہ گریجویشن پروگرام بحال

جامعہ کراچی چند ہی روز میں کالجوں میں بی کام، بی ایس سی اور بی اے کے داخلے شروع کرنے کا اعلان کردے گی۔ وائس چانسلر


Safdar Rizvi July 08, 2021
جامعہ کراچی چند ہی روز میں کالجوں میں بی کام، بی ایس سی اور بی اے کے داخلے شروع کرنے کا اعلان کردے گی۔ وائس چانسلر(فوٹو:فائل)

جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے شہر بھر کے سرکاری و نجی کالجوں میں روایتی دو سالہ گریجویشن اور ماسٹرزپروگرام بحال کردیا ہے۔

جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے شہر بھر کے سرکاری و نجی کالجوں میں روایتی دو سالہ گریجویشن اور ماسٹرزپروگرامز کو بحال کردیا ہے اور اس میں چند ہی روز میں داخلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ کالجوں میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری آئندہ برس جون 2022 تک موخر کردی گئی ہے۔

روایتی گریجویشن پروگرام کی بحالی اور ایسوسی ایٹ ڈگری موخر کرنے کا فیصلہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیر صدارت جمعرات کو منعقدہ اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ یہ فیصلہ اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جامعہ کراچی سمیت دیگر جامعات کو حال ہی میں موصولہ ایک وضاحتی خط کی روشنی میں کیا گیا جس میں ایچ ای سی نے موقف اختیار کیا تھا کہ جن جامعات کو انڈر گریجویٹ پالیسی کے اطلاق میں مشکلات کا سامنا ہے کمیشن میں ان جامعات میں مذکورہ پالیسی کا جون 2022 تک اطلاق نہ کرنے کی سفارش کی جارہی ہے جس کے تناظر میں مذکورہ فیصلے کی منظوری اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں دی گئی۔

اجلاس کے بعد ' ایکسپریس ' سے بات کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ' جامعہ کراچی چند ہی روز میں کالجوں میں بی کام، بی ایس سی اور بی اے کے داخلے شروع کرنے کا اعلان کردے گی' ادھر جمعرات کو منعقدہ اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں آئندہ برس جون میں ایسوسی ایٹ ڈگری شروع کرنے سے متعلق ڈین ایجوکیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں سیکریٹری ایفییلیشن ڈاکٹر انیلا امبر ملک، انچارج سمسٹر سیل ڈاکٹر تاثیر احمد، ڈاکٹر ثمینہ سعید، ڈاکٹر انتخاب الفت اور ڈاکٹر مقصود انصاری کو شامل کیا گیا ہے یہ کمیٹی کالجوں میں آئندہ برس جون سے مرحلہ وار ایسوسی ایٹ ڈگری کے اطلاق کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔ یاد رہے کہ مذکورہ داخلے جنوری سے شروع ہونے تھے تاہم ایچ ای سی اور جامعات کے مابین جاری رسہ کشی کے سبب اب تقریبا 7 ماہ کی تاخیر سے ہوں گے۔

اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں اس معاملے پر ڈاکٹر جمیل کاظمی کی کنوینر شپ میں قائم کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں