مسابقی کمیشن کے گھی کمپنیوں پر چھاپے ریکارڈ قبضے میں کرلیا

کمپنیاں مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل اور گھی کی رٹیل پرائس فکسنگ میں ملوث ہیں، مسابقتی کمیشن آف پاکستان


Business Reporter July 08, 2021
کمپنیاں مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل اور گھی کی رٹیل پرائس فکسنگ میں ملوث ہیں، مسابقتی کمیشن آف پاکستان (فوٹو : فائل)

مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے مشتبہ مسابقت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں قائم دفاتر پر چھاپے مار کر ریکارڈ قبضے میں کرلیا۔

سی سی پی (کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان) کے مطابق ادارے نے خوردنی تیل اور گھی کے سیکٹر میں مشتبہ کمپٹیشن مخالف سرگرمیوں اور کمپٹیشن ایکٹ 2010ء کے سیکشن 3 اور سیکشن 4 کی مبینہ خلاف ورزیوں کے حوالے سے جاری تحقیقات کے پسِ منظر میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پی وی ایم اے کے دفاتر پر چھاپے مارے اور اہم دستاویزات قبضے میں کرلیں۔

تحقیقات کے دوران سی سی پی کی انکوائری کمیٹی کو مختلف میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا کہ پی وی ایم اے جو کہ 125 خوردنی تیل اور گھی تیار کرنے والی کمپنیوں کی ایک ایسوسی ایشن ہے، مختلف برانڈز کی کوکنگ آئل اور گھی کی رٹیل پرائس فکسنگ میں ملوث ہے۔

انکوائری کمیٹی کے پاس دستیاب ڈیٹا سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پی وی ایم اے اپنی ممبر ملز، کمپنیوں کے درمیان فریٹ چارجز کو سرکیولیٹ کرتی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں اضافے اور کمی کے نتیجے میں چارجز میں تبدیلی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چینی، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

ایسوسی ایشن کی سطح پر اس طرح کا گٹھ جوڑ اور ملی بھگت کمپٹیشن ایکٹ 2010ء کے سیکشن 4 کی مبینہ خلاف ورزی ہے، ایسوسی ایشن کی سطح پر اس طرح کے مشتبہ کمپٹیشن مخالف رویوں سے معلوم ہوتا ہے کہ پی وی ایم اے کا پلیٹ فارم خوردنی تیل، گھی کی قیمتوں کو اجتماعی طور پر اور ملی بھگت سے فکس کرنے میں استعمال ہوتا ہے جو کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

سی سی پی کے مطابق انکوائری کمیٹی کے پاس قبضے میں لیے جانے والا ریکارڈ خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے میں ایسوسی ایشن اور دیگر کمپنیوں کے ممکنہ کردار کے شواہد فراہم کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں