انسداد پولیو کی رضا کار انیتا میوا شاہ قبرستان میں سپرد خاک

نماز جنازہ میں مقتولہ کے اہلخانہ، رشتے دار اورمکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے


Staff Reporter January 23, 2014
اکبری خاتون حیدر آباد میں سپرد خاک، انصاف فراہم کیا جائے، شوہر کا مطالبہ فوٹو:محمد عظیم/ایکسپریس۔فائل

قیوم آباد میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی انسداد پولیو مہم کی رضا کار انیتا کو میوا شاہ قبرستان اور اکبری خاتون کو حیدر آباد میں واقعے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود قیوم آباد میں دہشت گردی کا نشانہ بنائی جانے والی انسداد پولیو مہم کی رضا کار 25 سالہ انیتا زوجہ ظفر کی گزشتہ روز گھر کے قریب واقعے مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں مقتولہ کے اہلخانہ، عزیز و رشتہ اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے بعد ازاں میت میوا شاہ قبرستان لے جائی گئی جہاں مقتولہ کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا ،دوسری جانب واقعے میں جاں بحق ہونے والی اکبری خاتون کی نماز جنازہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے11 شاہ ولی اﷲ نگر میں واقع مسجد میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں مقتولہ کے اہلخانہ ، عزیز و رشتہ دار اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے، بعدازاں مقتولہ کی میت اہل خانہ میت حیدر آباد لے کر روانہ ہوگئے جہاں گزشتہ روز صبح بہار کالونی یوسی17میں واقعے آبائی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھے میں آئے۔



مقتولین کے اہلخانہ اپنے پیاروں کے جدا ہونے اور انہیں یاد کرکے ایک دوسرے سے گلے لگ کر دہاڑے مار کر روتے رہے ، مقتولہ انیتا 3 بچوں کی ماں تھی، اور گزشتہ ایک سال محکمہ صحت سے وابستہ تھی، مقتولہ کے شوہر ظفر شدت غم سے نڈھال تھے اور وہ افسوسناک واقعے سے تاحال باہر نہیں آ سکے، مقتولہ اکبری خاتون4 بچوں کی ماں اورگزشتہ 3 سالوں میں محکمہ صحت سے وابستہ تھیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی تھی مقتول کے شوہر جمن شیخ نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ محکمہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں ملازم ہے، انھوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد سے ان سے اب تک کسی بھی حکومتی نمائندے نے رابطہ نہیں کیا انھوں نے بتایا کہ اہلیہ کے جانے کے بعد انہیں اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر لاحق ہو گئی ہے انھوں نے گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے بچوں کے مستقبل کے محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں