پولیس نے سلمان خان اور ان کی بہن کو فراڈ کیس میں طلب کرلیا

اگر اس معاملے میں کوئی مجرم ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، پولیس


ویب ڈیسک July 09, 2021
تاجرارون گپتا نے الزام لگایا ہے کہ شوروم کھولنے کے بعد انہیں کوئی اسٹاک نہیں ملا، تاجر کا موقف فوٹوانڈین میڈیا

لاہور: بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ کی پولیس نے بالی ووڈ کے سلومیاں، ان کی بہن الویرا خان اور دیگر سات افراد کو سمن جاری کیے ہیں۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان جو اکثر قانونی معاملات، عدالتی مقدمات اور سماعتوں کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔ ایک بار پھر ایک نئی قانونی الجھن کاشکار ہوگئے ہیں۔

چندی گڑھ پولیس نے سلمان خان اور ان کی بہن الویراخان کو مبینہ طور پر دھوکا دہی سے متعلق کیس میں طلب کیا ہے۔ اس کیس میں سلمان خان، الویرا خان اور سلمان خان کے فلاحی ادارے ''بینگ ہیومن'' کے دیگر سات افراد کا نام لیا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارون گپتا نامی تاجر نے سلمان خان، ان کی بہن الویرا، بینگ ہیومن کے سی ای او سمیت دیگر عہدیداروں کے خلاف دھوکا دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کروائی ہے۔ تاجر نے دعویٰ کیا ہے کہ بینگ ہیومن کے دو ملازموں نے ان سے چندی گڑھ میں فرنچائز کھولنے کے لیے کہا، میں نے ان کی بات سے اتفاق کیا۔

تاجر نے کہا بینگ ہیومن کے ملازمین نے بتایا کہ شوروم کھولنے میں سرمایہ کاری کی لاگت 2 کروڑ روپے آئے گی اور انہوں نے یہ کہہ کر بھی مجھ پر دباؤ ڈالا کہ شوروم کے افتتاح کے لیے سلمان خان آئیں گے۔

تاجرارون گپتا نے الزام لگایا ہے کہ شوروم کھولنے کے بعد انہیں کوئی اسٹاک نہیں ملا۔ بعد ازاں بینگ ہیومن کے ملازمین نے ان کی سلمان خان کے ساتھ ایک میٹنگ کا بھی اہتمام کیا تھا جب کہ اداکار سلمان خان نے اس معاملے کو سنبھالنے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم شوروم کھلنے کے ڈیڑھ سال گزرنے کے بعد بھی انہیں کچھ نہیں ملا۔

چند گڑھ پولیس کے ایس پی کیتن بنسل نے اس کیس کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان سمیت دیگر افراد کو جواب دینے کے لیے 13 جولائی تک کا وقت دیا گیا ہے۔ اگر اس معاملے میں کوئی مجرمانہ سرگرمی پائی جاتی ہے یا کوئی مجرم ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں