بنگلادیش کی فیکٹری میں آتشزدگی سے 52 ہلاکتیں مالک قتل کے الزام میں گرفتار

آتشزدگی میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے

آتشزدگی میں 30 سے زائد مزدور زخمی بھی ہوئے، فوٹو: ٹوئٹر

بنگلادیش میں فوڈ پروسسینگ فیکٹری میں آگ بھڑک لگنے سے 52 مزدور ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فیکٹری مالک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں گزشتہ روز فوڈ پروسسینگ فیکٹری میں لگنے والی آگ میں 52 مزدوروں کی ہلاکت کا مقدمہ فیکٹر ی کے مالک اور 7 دیگر افراد کےخلاف درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مزدوروں کے قتل کے الزام میں فیکٹری کے مالک اوراس کے 4 بیٹوں سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

مرنے والوں میں ایک 11 سالہ بچے کی لاش بھی ملی ہے جس کے بعد پولیس نے فیکٹری میں بچوں سے جبری مشقت کرائے جانے کے الزام کے تحت علیحدہ سے انکوائری کا بھی آغاز کردیا ہے۔

گزشتہ روز بنگلادیش کے دارالحکومت میں واقع فوڈ پروسسینگ فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث 100 سے زائد مزدور اندر پھنس گئے اور کئی مزدورں نے تیسری منزل سے چھلانگیں لگادیں۔


آتشزدگی کی وجہ سے 52 مزدور بری طرح جھلسنے اور دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگئے جب کہ کچھ ہلاکتیں تیسری منزل سے چھلانگ لگانے سے ہوئیں۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 30 سے زائد مزدورں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے جن میں 9 کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تاحال فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے تاہم آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے صوبائی حکومت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

ہلاکتوں میں اضافے کی وجہ فیکٹری میں حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا تھا۔ بنگلا دیش کی صنعتوں میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا رجحان انتہائی کم ہے جس کے باعث اس قسم کے واقعات عام ہیں۔
Load Next Story