پاک امریکا وزرائے خارجہ رابطہ افغان امن عمل میں مشترکہ کوششوں پر اتفاق

امریکی مالی تعاون سے وسط ایشیاء سے براستہ افغانستان پاکستان کے لیے توانائی اور رابطے جوڑنے کے منصوبوں پر بھی گفتگو


ویب ڈیسک July 09, 2021
امریکی مالی تعاون سے وسط ایشیاء سے براستہ افغانستان پاکستان کے لیے توانائی اور رابطے جوڑنے کے مختلف منصوبوں پر بھی بات چیت (فوٹو : فائل)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلکن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں عہدے داروں نے افغان امن عمل میں مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ گہرے دو طرفہ اقتصادی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور علاقائی امن کے حوالے سے دو طرفہ تعاون پر محیط، وسیع البنیاد اور طویل المدتی تعلقات کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کے جیو اکنامک وژن کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔

یہ پڑھیں : افغان جنگ؛ امریکا نے سابقہ حلیفوں کو تحفظ کی یقین دہانی کرادی، وزیرخارجہ

دونوں عہدے داروں نے امریکی مالی تعاون سے وسط ایشیاء سے براستہ افغانستان پاکستان کے لیے توانائی اور رابطے جوڑنے کے مختلف منصوبہ جات پر بھی بات چیت کی۔

وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان اور امریکا کے مابین مربوط اور اعلیٰ سطح مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا اور اتفاق کیا کہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نکتہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا کے ساتھ بااعتماد شراکت دار کے طور پر مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، ہمیں توقع ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء سے افغان امن عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن کا قیام افغان قیادت، علاقائی و عالمی متعلقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام متعلقین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغان گروہوں پر جامع مذاکرات کے ذریعے، افغان مسئلے کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیں۔

وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے امریکا کی جانب سے فراہم کردہ معاونت پر، امریکی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں بامقصد پیش رفت کے حصول کے لیے، دو طرفہ روابط اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں