خاتون کے قتل میں ملوث شوہر سمیت 3 افراد پکڑے گئے

چند روزقبل تیزدھار آلے کے وار کر کے ہلاک کی جانے والی 25 سالہ مریم کی شناخت مٹانے کیلیے اس پر تیزاب بھی ڈالا گیا تھا۔


Staff Reporter July 10, 2021
ٹیکسی ڈرائیور کی اہلیہ نے والدہ کو مریم کو 20 ہزار میں فروخت کیا، والدہ نے اس سے میری شادی کرائی، ملزم۔ فوٹو: فائل

قائد آباد سے چند روز قبل ملنے والی لڑکی کی لاش کی شناخت کرلی گئی جب کہ پولیس نے واقعے میں ملوث مقتولہ کے شوہر اور اس کے دو دوستوں کو گرفتار کرلیا۔

26 جون کو کراچی کے علاقہ قائد آباد سے خاتون کی لاش ملی تھی جسے تشدد اور تیز دھار آلے کے وار کرکے ہلاک کیا گیا جبکہ شناخت مٹانے کیلیے اس پر تیزاب بھی ڈالا گیا ، ملزمان نے لاش کو ہاتھ پاؤں باندھ کر کچرا کنڈی میں پھینک دیا تھا۔

قائد آباد تھانے کے تفتیشی افسر انسپکٹر ذاکر اللہ کے مطابق مقتولہ کی شناخت 25 سالہ مریم عباس کے نام سے کرلی گئی ، مریم کے قتل میں اس کے شوہر قلب عباس اور شوہر کے دوست بختیار اور عبدالصمد کو گرفتار کر لیا ہے، مریم کا شوہر اس پر تشدد کرتا تھا اور غیر اخلاقی کام پر مجبور کرتا تھا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ چند روز قبل قلب عباس کو قائد آباد پولیس نے منشیات کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا ، اس دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ قلب عباس ہی مقتولہ کا شوہر ہے ، ملزم جب ضمانت پر رہا ہوا تو پولیس نے اسے فوری گرفتار کرلیا۔

ملزم قلب عباس کا کہنا تھا کہ مریم امیر نامی ایک ٹیکسی ڈرائیور کو ملی تھی جسے وہ اپنے گھر لے آیا اور اس کی اہلیہ نے 20 ہزار روپے کے عوض ملزم کی ماں فاطمہ کو فروخت کر دیا، فاطمہ نے مقتولہ کی شادی اس سے کرا دی تھی، ملزم اس پر تشدد کرتا تھا اور دوستوں سے دوستی کرنے پر دباؤ ڈالتا تھا جبکہ انھی وجوہات کی بنا پر قلب عباس کی پہلی بیوی صغری بھی اسے چھوڑ کر چلی تھی۔

تفتیشی افسر ذاکر اللہ نے بتایا کہ 23 اور 24 جون کی شب ملزم قلب عباس جوکہ قائد آباد شیر پاؤ کالونی کا رہائشی ہے وہ اپنے دو دوستوں بختیار اور عبدالصمد کو گھر لایا اور تینوں نشے میں تھے۔

قلب عباس اپنی بیوی مریم کو غیر اخلاقی کام پر مجبور کیا لیکن مریم نہیں مانی جس پر ان تینوں نے مل کر مریم پر تشدد کیا ، تیز دھار آلے کے وار کیے اور تیزاب ڈال دیا جس کے بعد ہاتھ پاؤں باندھ کر لاش کچرا کنڈی میں پھینک دی ، پولیس کو 26 جون کو لاش ملی۔

ذاکر اللہ کے مطابق ٹیکسی ڈرائیور امیر کی گرفتاری کیلیے بھی پولیس چھاپے مار رہی لیکن وہ سپر ہائی وے پر واقع اپنی رہائش گاہ چھوڑ کر جاچکا ہے جبکہ مقتولہ کے اہلخانہ کو بھی تلاش کیا جارہا ہے ، پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں