مشتاق نے یاسرکے مسائل حل کرنے کی ٹھان لی

کیمپ میں اسپن بولنگ کوچ کی خاص توجہ سینئر اسپنر پر مرکوز۔

پلیئرزکوذہنی وجسمانی طور پر مضبوط بنانے کیلیے کوشاں ہیں،یوسف۔ فوٹو: فائل

ANKARA:
مشتاق احمد نے یاسر شاہ کے مسائل حل کرنے کی ٹھان لی جب کہ اسپن بولنگ کوچ کیمپ میں سینئر اسپنر پر خاص توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

فٹنس مسائل اور فارم کی وجہ سے قومی ٹیم سے دور لیگ اسپنر یاسر شاہ ان دنوں سابق اسٹار مشتاق احمد کی کوچنگ میں خامیاں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انھیں امید ہے کہ جلد کم بیک ہوگا۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل ٹیسٹ کرکٹرز کا کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے،گزشتہ روز بائیو سیکیور ماحول میں انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کھیلا گیا،اس میں اضافی کرکٹرز شریک نہیں ہوئے۔


ہیڈآف پلیئرز ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق کیمپ کی نگرانی کر رہے ہیں، محمد یوسف بیٹسمینوں کی تکنیک بہتر بنانے کے لیے سرگرداں نظر آئے،ہفتے کو پریکٹس سیشن دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

دریں اثنا بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز میں بہتر نتائج کی توقع رکھنی چاہیے، میزبان سائیڈ کی بولنگ کافی مضبوط لیکن ہماری ٹیم بھی اچھی ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کامیابی کے بعد حوصلے بلند ہیں،پلیئرز اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ سیریز کی تیاری کے لیے ہمارے پاس کم وقت باقی رہ گیا، کوشش کی جارہی ہے کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی تکنیک پر کام کیا جائے،ہم بیٹسمینوں کو پچ پر زیادہ وقت گزارنے کی ہدایت دے رہے ہیں، انھیں بتایا جا رہا ہے کہ میزبان ٹیم کے خلاف رنز کیسے اسکور کیے جائیں، مواقع کو ضائع نہیں کیا جائے،جہاں بھی گیپ ملے وہاں کھیلنے کی کوشش کریں، کم سے کم خطرہ مول لینے کی کوشش کی جائے۔

محمد یوسف نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بنانے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔
Load Next Story