کیریئر کی ابتدا میں میرا اور کاجول کا مقابلہ کیا جاتا تھا تنیشا مکھرجی

کیریئر کی ابتدا میں لوگ چاہتے تھے کہ میں دوسری کاجول بن جاؤں، تنیشا مکھرجی


ویب ڈیسک July 10, 2021
لوگ مجھ سے امید رکھتے تھے کہ میں کاجول کی تقلید کروں، تنیشا مکھرجی فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکارہ کاجول کی چھوٹی بہن تنیشا مکھرجی جو خود بھی اداکارہ ہیں ان کا کہنا ہے کہ کیریئر کی ابتدا میں ان کا اور ان کی بڑی بہن کاجول کا مقابلہ کیا جاتا تھا اور لوگ چاہتے تھے کہ میں دوسری کاجول بن جاؤں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تنیشا مکھرجی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے کیریئر کی ابتدا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح لوگ ان سے امید رکھتے تھے کہ وہ اپنی بڑی بہن کاجول کی تقلید کریں گی۔

اداکارہ تنیشا مکھرجی نے 2003 میں ایک ہارر فلم ''شش''سے بالی ووڈ میں اس وقت قدم رکھا تھا جب ان کی بہن کاجول فلم ''دل والے دلہنیا لے جائیں گے''،''کچھ کچھ ہوتا ہے''، ''گپت'' اور ''کبھی خوشی کبھی غم'' جیسی فلموں کے ذریعے بالی ووڈ میں اپنا مقام بناچکی تھیں۔ لہذا تنیشا مکھرجی سے بھی توقع کی جارہی تھی کہ وہ دوسری کاجول ثابت ہوں گی۔

تنیشا مکھرجی نے اس حوالے سے کہا کہ ابتدا میں میرا اور کاجول کا مقابلہ کیا جاتا تھا، لوگ چاہتے تھے کہ میں کاجول کی طرح نظر آؤں، اس کی طرح اداکاری کروں اور کاجول سے زیادہ اچھا کام کرکے اسے ہرادوں۔ لیکن میں کاجول نہیں ہوں۔ مجھ میں اور کاجول میں کچھ بھی ایک جیسا نہیں ہے۔ نہ ہماری آنکھوں کا رنگ ایک جیسا ہے، نہ بالوں کا، وہ مجھ سے قد میں لمبی ہے توہم دونوں ایک جیسے کیسے ہوسکتے ہیں۔

تنیشا مکھرجی نے مزید کہا مجھے یقین ہے جس طرح کیریئر کی ابتدا میں میرا اور کاجول کا مقابلہ کیا جاتا تھا اسی طرح جب کاجول اس انڈسٹری میں آئی ہوگی تو اس کا اور ہماری والدہ تنوجا کا مقابلہ کیا جاتا ہوگا۔



واضح رہے کہ کاجول اور تنیشا مکھرجی کی والدہ تنوجا بھی بھارتی فلم انڈسٹری کی کامیاب اداکارہ رہ چکی ہیں۔ کاجول کے برعکس ان کی چھوٹی بہن تنیشا مکھرجی بالی ووڈ میں وہ کامیابی حاصل نہ کرسکیں جو ان کی بہن کو حاصل ہے۔ اگر انہیں بالی ووڈ کی ناکام اداکارہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

تنیشا مکھرجی بہت عرصے بعد ایک بار پھر فلموں میں کام کررہی ہیں۔ اس بار وہ ہارر فلم ''روزی'' میں نظر آئیں گی۔ اسی فلم کے ذریعے بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ شوئیتا تیواری کی بیٹی پلک تیواری بھی بالی ووڈ میں ڈیبیو کررہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں