پیر پگاراکی والدہ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں

سرطان کے عارضے میں مبتلا تھیں، تدفین درگاہ پیر جو گوٹھ کے آبائی قبرستان میں ہوگی


Staff Reporter July 11, 2021
بلاول و دیگر کی تعزیت،کورونا کے باعث عقیدت مندوں سے تدفین میں شریک نہ ہونیکی اپیل۔ فوٹو : فائل

حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا پیر سید صبغت اﷲ شاہ کی والدہ طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئیں۔

حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا پیر سید صبغت اﷲ شاہ، پیر سید صدر الدین شاہ راشدی اور پیر سید علی گوہر شاہ راشدی کی والدہ طویل علالت کے بعد ہفتے کی صبح کراچی میں انتقال کرگئیں، وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھیں۔ ان کی میت بذریعہ سڑک پیر گوٹھ روانہ کردی گئی۔ جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور درگاہ شریف پیر جو گوٹھ کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ تدفین میں مرحومہ کے صاحبزادگان اور قریبی عزیز و اقارب ہی شریک ہوں گے۔

اس سلسلے میں کنگری ہاؤس کے ترجمان کلیم اﷲ وسان نے پیر صاحب پگارا کی ہدایت پر حر جماعت،قریبی رشتہ داروں،عقیدت مندوں اور دوستوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر درگاہ شریف پیر جو گوٹھ آنے کی زحمت نہ کریں اور اپنے اپنے گھروں میں رہ کر دعائے مغفرت کریں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اطلاعات وبلدیات ناصر حسین شاہ، بیرسٹر مرتضی وہاب،صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی، فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار رحیم اور دیگر رہنماؤں نے حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |