کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو نہیں پایا جا سکا

سی پی ایل سی کے اعدادوشمار کے مطابق 2020 میں اغوا برائے تاوان کے صرف 2 جبکہ بھتہ وصولی کے 22 کیس رپورٹ


رزاق ابڑوٍ July 11, 2021
کاریں،موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھیننے کی وارداتیں بڑھیں،ناقص تفتیش کی وجہ سے ملزمان کی اکثریت بری ہونے لگی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: کراچی پولیس بڑے جرائم پر قابو پانے میں توکافی حد تک کامیاب ہوئی ہے لیکن اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ایکسپریس ٹربیون کی خصوصی رپورٹ کے مطابق شہر میں گزشتہ کچھ برسوں کے دوران کراچی میں بڑے جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے لیکن اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کے اعدادوشمار کے مطابق شہر میں 2019 کے دوران اغوا برائے تاوان کے9 کیس رپورٹ ہوئے تاہم اگلے سال یعنی 2020 میں یہ تعداد 2 ہوکر رہ گئی، اسی طرح 2019 میں بھتہ وصولی کے 32 کیس رپورٹ ہوئے لیکن 2020 میں ایسی وارداتیں کم ہوکر 22 ہوگئیں، جبکہ دونوں سالوں میں ڈکیتی کی صرف چار وارداتیں ہوئیں، لیکن مذکورہ دونوں برسوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ رکارڈ کیا گیا ہے۔

سی پی ایل سی کے اعدادو شمار کے مطابق 2019 میں1699کاریں چوری ہوئیں اور چھینی گئیں تاہم ایسی وارداتوں کی تعداد2020 میں بڑھ کر 1722 ہوگئی، اسی طرح 2019 میں 30 ہزار پانچ سو موٹر سائکلیں چوری ہوئیں اور چھینی گئیں جبکہ ان وارداتوں کی تعداد اگلے سال بڑھ کر 37 ہزار سات سو ہوگئی، اسی طرح 2019 میں موبائل فون چھیننے کی 20 ہزار 9 سو سے زائد وارداتیں ہوئیں جبکہ یہ تعداد 2020 میں بڑھ کر 21 ہزار 5 سو ہوگئی۔

دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ کراچی میں پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے ملزمان کی اکثریت ناقص تفتیش اور کمزور گواہوں کی وجہ سے عدالتوں سے آزاد ہوجاتے ہیں،حال ہی میں محکمہ قانون کی جانب سے سندھ اسمبلی کو فراہم کی گئی معلومات کے مطابق کراچی میں 2018 اور 2019 میں گرفتار ملزمان میں نصف فیصد سے زائد عدالتوں سے رہا ہوگئے۔

کراچی کے ایڈیشنل آئی جی پولیس عمران یعقوب منہاس نے ایکسپریس ٹربیون سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کو تسلیم کیا کہ ملزمان کا عدالتوں سے بری ہوجانا واقعی ہمارے لیے ایک چیلنج ہے، ہماری کوشش ہے کہ گواہی کے معیار کو بڑھائیں تاکہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں مسلسل اضافے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ پولیس کا بڑے جرائم کی بیخ کنی پر توجہ مرکوز ہونا ہے، کراچی پولیس کی بڑے جرائم پر توجہ کی وجہ سے بڑے جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |