کراچی میں مون سون کی پہلی بارش بیشتر علاقوں سے بجلی غائب

مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی بند، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں 20 پمپ بند


ویب ڈیسک July 12, 2021
سڑکوں پر پھسلن سے درجنوں ٹریفک حادثات بھی پیش آئے ہیں فوٹو: فائل

شہرقائد اور گرد و نواح میں مون سون کی پہلی بارش کے ساتھ ہی عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں پیر کی علی الصبح کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے اب بھی جاری ہے۔ صبح 11 بجے تک پی اے ایف فیصل بیس میں 16ملی میٹر، گلشن حدید اور سرجانی میں 15، ناظم آباد میں 11.2، لانڈھی میں 11، جناح ٹرمینل میں 8 ، اولڈ ائیرپورٹ میں 3 ،کیماڑی میں 2 جب کہ مسرور بیس، یونیورسٹی روڈ اور پہلوان گوٹھ کے اطراف ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن سے درجنوں ٹریفک حادثات بھی پیش آئے ہیں، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب بارش کے ساتھ ہی شہر میں بجلی کی ترسیل کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، سرجانی ٹاؤن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، گولیمار اور دیگر علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بھی بجلی بند ہونے سے شہر کو پانی کی ترسیل میں مصروف 20 پمپ بند ہوگئے، جس کی وجہ سے شہر کو لاکھوں گیلن پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔ جب کہ پانی کے بیک پریشر سے ایک بار پھر مین لائن پھٹ گئی ہے، بارش ہونے کے باعث لائن کی مرمت کا کام بھی شروع نہیں کیا جاسکا ہے۔

بارش کے دوران بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی انٹر نیٹ کیبلز ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔ بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت بارش کے دوران عارضی طور پر کچھ علاقوں میں بجلی بند کی جاسکتی ہے ۔ موسم بہتر ہوتے ہی ان متعلقہ علاقوں میں بجلی بحال کردی جاتی ہے ۔ بجلی سے متعلق شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر ، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

شہر کے مختلف نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام جاری ہے، ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے کسی حصے میں پانی جمع نہ ہونے پائے،مصروف شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کی جارہی ہے، کھارادر وزیر مینشن کے اطراف بارش کا پانی جمع نہیں ہوا، وزیرمینشن کے اطراف سیوریج سمیت دیگر ترقیاتی کام چند روز قبل مکمل کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں تک معطلع ابر آلود رہے گا ، 48 گھنٹے تک بوندا باندی جاری رہنے کا امکان ہے، منگل کی شام سے کراچی میں تیز بارشوں کا اسپیل داخل ہونے کا امکان ہے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔