شہبازشریف کے خلاف ایف آئی اے کی تفتیشی رپورٹ تیار

شہبازشریف سے 25 سوالات کیے لیکن انہوں نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا، ایف آئی اے ذرائع


ویب ڈیسک July 12, 2021
شہباز شریف سے 25 سوالات کیے، تاہم انہوں نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا، ایف آئی اے ذرائع۔ فوٹو:فائل

ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے خلاف تفتیشی رپورٹ تیار کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے خلاف شوگر اور 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی تفتیشی رپورٹ تیار کرلی ہے، اور ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف سے 25 سوالات کیے، تاہم انہوں نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔ ان سے سوال کیا گیا کہ اربوں روپوں کی پراپرٹی کیسے بنائی، تو شہباز شریف کا جواب تھا میری بیگمات سے معلوم کر یں۔ ان سے پوچھا کہ آپ کے کاروبار میں اضافہ کیسے ہوا اور مزید فیکٹریاں کیسے لگیں؟، تو ان کا جواب تھا کہ سلمان شہباز شریف سے پوچھیں۔

ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ شہبازشریف سے سوال کیا کہ مہنگی ترین گاڑیاں خریدی گئیں، تو شہباز شریف کا جواب تھا میرے بھتیجوں سے معلوم کریں۔ ان سے سوال کیا گیا کہ 25 ارب روپے اپ کے اور فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع ہوئے اور نکالے گئے۔ تو شہباز شریف کا جواب تھا اس حوالے سے میرے وکیل جواب دیں گے۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم نے شہازشریف سے درخواست کی کہ سر آپ کچھ تو بتائیں۔ جس پر شہبازشریف نے جواب دیا کہ مسئلہ فلسطین بہت سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے سوال کیا کہ سر ان سوالات کا مسئلہ فلسطین سے کیا تعلق ہے۔ جس پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بہت گہرا تعلق ہے، میں ساری توجہ اس مسئلے کے حل پر لگا رہا ہوں اور آپ بار بار مجھ سے چینی اکاؤنٹ اور پراپرٹی کا پوچھ رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے شہبازشریف سے کی گئی تفتیش کی تفصیلی رپورٹ تیار کرلی ہے اور ڈی جی ایف آئی اے سمیت شہزاد اکبر کو بھی فراہم کر دی ہے، جب کہ ایف آئی اے یہ رپورٹ آج یا کل عدالت میں جمع کرا دے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں