مریم نواز کے اندر دھرنا دینے کے لیے خواہش تڑپ رہی ہے شیخ رشید

آزاد کشمیر میں آج بھی عمران خان ہی مقبول ہیں اور ان کی حکومت ہوگی، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک July 12, 2021
آزاد کشمیر میں آج بھی عمران خان ہی مقبول ہیں اور ان کی حکومت ہوگی، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے اندر دھرنا دینے کے لیے خواہش تڑپ رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو نے ابھی سے شور مچانا شروع کردیا، یہ دونوں سمجھتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں یہ مقبول ہیں، آزاد کشمیر میں آج بھی عمران خان ہی مقبول ہیں اور ان کی حکومت ہوگی، اپوزیشن آزاد کشمیر میں ہارنے جارہی ہے جب کہ مریم نواز کے اندر دھرنا دینے کے لیے خواہش تڑپ رہی ہے لہذا مریم نواز اور اپوزیشن دھرنے کی تیاری جاری رکھیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں رینجرز اور ایف سی کے 7 ہزار 200 جوان تعینات کیے جائیں گے، اس کے علاوہ پاک فوج بھی ضرورت پڑنے پر تیار ہوگی تاہم پولنگ دفتر میں فوج تعینات نہیں کی جارہی۔ ان کا کہنا تھا سول اداروں کے ساتھ آرمی بھی فری اور فیئر الیکشن کرانے میں کردار ادا کرے گی جب کہ ہم سب کہتے ہیں الیکشن میں فوج نہ ہو لیکن اگر فوج پولنگ اسٹیشن کے باہر کھڑی نہ ہو تو ہارنے والے ایجنٹ ڈبے اٹھا کرلے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے تاہم بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، فیٹف میں بھی بھارت نے پاکستان کے لیے مسائل پیدا کیے، بھارت کے لوگ پکڑے گئے ہیں جو ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے تھے تاہم پاک فوج اور اداروں نے بھارت کی سازشوں کو ناکام بنایا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی تاہم کراچی میں 40 لاکھ لوگوں کے غلط شناختی کارڈ بننے کی بات غلط ہے، اس کے علاوہ ایف آئی اے کراچی سے انتالیس لوگوں کو معطل کیا گیا ہے جب کہ ایف آئی اے میں 15،15 سال سے تعینات ملازمین کو ٹرانسفر کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نہیں آئی، مریم نواز اور شہبازشریف کی جانب سے بھی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نہیں آئی جب کہ ٹی ایل پی کے مستقبل کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق پالیسی وزارت داخلہ بتا سکتاہے تاہم 70 افغانیوں کو علاج کے لیے پاکستان آنے کی اجازت دی ہے، یہ وہ افغانی ہیں جن کا وہاں پر علاج ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں سے متعلق کہا کہ 20 جولائی سے عید کی چھٹیاں کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھیجی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کورونا بڑھ رہاہے، اسی لیے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے جارہے ہیں جب کہ طورخم بارڈر پر منفی رپورٹ والوں کو داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں