مستقبل کے ڈسپلے کے لیے رنگین الیکٹرانک کاغذ تیار

روشن اور دلکش رنگ ظاہر کرنے والا برقی کاغذ دھوپ میں بھی گھر جیسا ڈسپلے فراہم کرسکے گا


ویب ڈیسک July 13, 2021
تصویر میں برقی کاغذ نمایاں ہے جو شوخ اور گہرے رنگوں کو بہت اچھے انداز میں دکھاتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ چامرز یونیورسٹی

DHAKA: تصور کیجئے کہ آپ گھر کے باہر تیز دھوپ میں بیٹھے ہیں اور ایک باریک ڈسپلے پر ویڈیو دیکھ رہے ہیں لیکن وہ دیکھنے میں عین اس طرح واضح ہے جس طرح ہم اسکرین کو کسی سایہ دار کمرے میں دیکھ رہے ہیں ۔ عین یہی سوچ کر سائنسدانوں نے ایک برقی کاغذ بنایا ہے جو کئی طرح کےشوخ اور واضح رنگوں کو ظاہر کرتا ہے۔

سویڈن کی چامرز یونیورسٹی نے ایسا ہی ایک نہایت باریک برقی کاغذ بنایا ہے جو اسکرین میں ڈھالا جاسکتا ہے۔ یہ ایک طرح کا انعکاسی اسکرین ہے جو بھرپور انداز میں سارے رنگ دکھاتا ہے لیکن بہت کم بجلی استعمال کرتا ہے۔

روایتی اسکرین کی پشت سے روشنی خارج ہوتی ہے جس کی بدولت ہم ڈسپلے پر تصویر اور الفاظ دیکھتے ہیں۔ یہ کمرے کےاندر تو ٹھیک کام کرتے ہیں لیکن دن کی روشنی میں باہر گویا روشنی کھودیتے ہیں اور ہمیں دیکھنے میں دقت ہوتی ہے۔ اسی لیے اب ایک انعکاسی کاغذ بنایا گیا ہے جو بھرپور دھوپ میں بھی آپ کو ہر تصویر اور لفظ واضح دکھاسکتا ہے۔

انعکاسی کیفیت کی بنا پر برقی کاغذ کو بجلی کی بہت زیادہ مقدار درکار نہیں ہوتی کیونکہ آج کے اسمارٹ فون کو روشن کرنے میں بیٹریاں ہانپ جاتی ہیں۔ یہ ایک انقلابی ایجاد ہے جو ڈسپلے اور نئے عہد کے اسکرین کو نئے زاویے عطا کرے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مزید تحقیق سے اسے کمرشل استعمال کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

فی الحال یہ عام اسمارٹ فون کے دسویں حصے کے برابر توانائی لیتا ہے لیکن اس کے معیار میں کوئی فرق نہیں آتا۔ اس کا دل و دماغ وہ نینو ساختیں ہیں جنہیں ٹنگسٹن ٹرائی آکسائیڈ، سونے اور پلاٹینم سے بنایا گیا ہے۔ ان کی بدولت اسکرین ہرطرح کے شوخ رنگ کو بہت اچھی طرح ظاہر کرتا ہے۔

اس طرح برقی کاغذ کو مستقبل کے فون اسکرین کا بہترین متبادل قرار دے سکتےہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں