عراق میں کورونا اسپتال میں آتشزدگی سے 52 افراد ہلاک متعدد زخمی

اسپتال میں آگ آکسیجن سلینڈر پھٹنے کے باعث لگی


ویب ڈیسک July 13, 2021
اسپتال میں آگ آکسیجن سلینڈر پھٹنے کے باعث لگی

عراق میں کورونا مریضوں کے لیے مختص اسپتال میں آتشزدگی سے 52 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے جنوبی صوبے ذی قار کے شہر ناصریہ میں کورونا مریضوں کے لیے مختص اسپتال میں آتشزدگی کے باعث 52 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد شہری دفاع کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمیوں کو دوسرے اسپتال منتقل کیا۔

عراقی محکمہ شہری دفاع کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے جب کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 16 افراد کو باہر نکالاگیا تاہم اب بھی بہت سے مریض لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسپتال میں آگ آکسیجن سلینڈر پھٹنے کے باعث لگی تاہم عراقی وزیراعظم نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے جب کہ صوبہ ذی قار کے شعبہ صحت کے سربراہ کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں دارالحکومت بغداد کے اسپتال میں آکسیجن سلینڈر پھٹنے سے 82 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے جب کہ 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں