ٹوئٹرنے فلسطینی تنظیم حماس کا اکاؤنٹ بلاک کردیا
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے فلسطینی تنظیم حماس کا اکاؤنٹ بلاک کردیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق فلسطین کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والی تنظیم حماس کی جانب سے ''القاسم بریگیڈ'' کے نام سے ٹوئٹر پر سرگرمیاں جاری تھیں جسے ٹوئٹر انتظامیہ نے شرپسندی پر مبنی مواد پھیلانے کے الزام میں بلاک کردیا، حماس کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے اکاؤنٹ بلاک کر کے آزادی اظہار پر قدغن لگائی ہے جبکہ اس عمل سے حماس کے دشمن اسرائیل کے سیاسی ایجنڈے کے تکمیل کی کوشش کی گئی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اکاؤنٹ کی بندش اسرائیلی قبضے کے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت اور فلسطینی شہریوں کے خلاف صیہونی قبضے اورجرائم کو چھپانے کی ایک کوشش ہے، دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جب ٹوئٹر انتطامیہ سے رابطہ کیا گیا تو ترجمان نے صرف اتنا کہا کہ حماس کا اکاؤنٹ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بلاک کیا گیا جب کہ انتظامیہ نے مزید کچھ کہنے سے معذرت کرلی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان ٹوئٹر پر لفظوں کی جنگ جاری تھی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف ایک سے بڑھ کر ایک مواد پوسٹ کیا جارہا ہے۔