کورونا وبا سندھ میں اسکول تفریحی مقامات اور انڈور ڈائننگ پھر بند کرنے کا فیصلہ

10 روز کے مکمل لاک ڈاؤن ، شاپنگ مالز، تجارتی مراکز، شادی ہالز اور مزارات کی بندش کی تجاویز مسترد


ویب ڈیسک July 14, 2021
کراچی میں نئے کورونا کیسز کی شرح 17.11 فیصد تھی فوٹو: فائل

سندھ میں کورونا وبا کی شرح میں ایک مرتبہ پھر اضافے کے بعد حکومت نے تعلیمی ادارے، تفریحی مقامات اور ہوٹلوں میں انڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ جس میں محکمہ صحت کی جانب سے اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ گزشتہ روز 16 ہزار 262 ٹیسٹ کیے گئے اور 1201 کیسز سامنے آئے، اس طرح صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے، 13 جولائی کو کراچی میں نئے کیسز کی شرح 17.11 فیصد تھی، ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ضلع شرقی میں 21 فیصد، جنوبی میں 15، وسطی میں 12 اور کورنگی میں کیسز کی شرح 8 فیصد ہے.

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف قسم کے 356 کیسز ظاہر ہوئے ہیں، یوکے ویرینٹ کے 92، جنوبی افریقا کے 162، برازیل کے 29، بھارت کے 66، پی ون کے 3 اور وائلڈ ٹائپ کا ایک کیس ظاہر ہوا ہے، اب تک ویکسین کے 58 لاکھ 70 ہزار 991 خوراکیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے ابھی تک 44 لاکھ 65 ہزار 908 خوراکیں استعمال ہوچکی ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 5 فیصد سے کوویڈ کیسز بڑھے تو یہ خطرناک صورتحال ہے، کراچی میں صورتحال کافی خراب ہے۔

اجلاس میں ہوٹلوں میں انڈور ڈائننگ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات سے جب کہ تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے اور کینجھر جھیل جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اٹھویں جماعت تک کے طلبا کے لیے اسکول جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ نویں کلاس اور اس سے زائد کے لیے تعلیمی ادارے امتحانات کے بعد بند ہوجائیں گے.

10 روز کے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز مسترد

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا سے نمٹنے کے لئے محکمہ صحت کی تجاویز کو مسترد کردیا، محکمہ صحت نے صوبے میں 10 روز کے مکمل لاک ڈاؤن لگانے، شاپنگ مالز، تجارتی مراکز، شادی ہالز اور مزارات کی بندش سمیت سماجی، سیاسی و مذہبی تقریبات پر پابندی کی تجویز دی تھی وزیراعلیٰ سندھ نے تاجروں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کا ایک اور موقع دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیسز میں کمی نہ آئی تو مزید سختی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔