متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کردیا

تل ابیب میں سفارت خانے کا افتتاح امارات کے سفیر محمد آل خاجہ اور اسرائیل کے صدر نے کیا

اس موقع پر اسرائیلی صدر بھی موجود تھے، فوٹو: رائٹرز

متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں سفارت خانہ کھول دیا جس کے بعد امارات خلیجی ممالک میں سفارت خانہ کھولنے والی پہلی ریاست بن گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد محمود آل خاجہ نے اسرائیل میں سادہ مگر پُروقار تقریب میں سفارت خانے کا افتتاح کر دیا اور دفتر کے باہر اماراتی پرچم لہرادیا۔ اماراتی سفارت خانہ تل ابیب اسٹاک ایکسچینج میں قائم کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے پہلے سفیر محمد آل خاجہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل سے سفارتی اور تجارتی تعلقات کی بحالی کے بعد پہلی بار ہم نے معیشت، ہوائی سفر، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں بڑے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کا پہلا سفارت خانہ قائم


محمد آل خاجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری پر کافی پیشرفت ہوئی ہے جس سے خطے میں امن و استحکام اور ترقی کی نئی راہ متعین ہوگی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

اس موقع پر اسرائیلی صدر آئزک ہرزگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تل ابیب میں اماراتی جھنڈے کو فخر سے اڑتے ہوئے دیکھ کر لگ بھگ ایک سال پہلے کا دور دور تک کا خواب لگتا ہے اور یہ مشرق وسطی میں امن، خوشحالی اور سلامتی کے لیے ہمارے سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

گزشتہ ماہ ہی اسرائیلی وزیر خاجہ یائر لپید نے ابوظہبی میں سفارت خانے اور اور دبئی میں قونصل خانے کا افتتاح کیا تھا اور دوطرفہ تجارت 675 ملین ڈالر سے تجاوز ہونے کی توقع ظاہر کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان، مراکش اور کوسوو نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات بحال کرلیے ہیں تاہم ان میں سب سے پہلا اسرائیلی سفارت خانہ امارات میں کھلا ہے۔
Load Next Story