سندھ حکومت سیکیورٹی رسک ہے لہذا صوبے میں گورنر راج نافذ کیا جائے ایم کیوایم

جعلی شناختی کارڈ کے ذریعے اقتدار حاصل کرکے پیپلز پارٹی نے ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا، عامر خان

جعلی شناختی کارڈ کے ذریعے اقتدار حاصل کرکے پیپلز پارٹی نے ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا، عامر خان

ISLAMABAD:
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سیکیورٹی رسک ہے لہذا صوبے میں گورنر راج نافذ کیا جائے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ ہمارا یہ موقف رہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جعلی اکثریت کی بنیاد پر قائم ہے اور ہمارا یہ دعویٰ آج سچ ثابت ہوگیا جب ایف آئی اے نے پریس کانفرنس کے ذریعے انکشاف کیا کہ سندھ میں 30سے 40لاکھ جعلی ڈومیسائل اور شناختی کارڈ بنائے گئے ہیں۔


عامر خان نے کہا کہ سب کا ماننا ہے کہ کراچی کی آبادی 3کروڑ سے زائد ہے لیکن مردم شماری میں کراچی کی عوام کو 1کروڑ 60 لاکھ بتایا گیا اور اگر اس میں سے 40 لاکھ جعلی شناختی کارڈ کے حامل افراد کو نکال دیا جائے تو کراچی کی آبادی محض 1کروڑ 20لاکھ تک گنی گئی ہے، 40لاکھ جعلی شناختی کارڈ سے سندھ کے 40قومی اسمبلی کے حلقے کم وبیش متاثر ہوئے ہیں، دہشت گردوں کی پشت پناہی کرکے اور جعلی شناختی کارڈ کے ذریعے اقتدار حاصل کرکے پیپلز پارٹی نے ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے 1971ء میں اقتدار کی خاطر ملک تقسیم کرنے کے لئے ادھر تم ادھر ہم کا نعرہ لگایا اور آج بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے، حکومت سندھ پاکستان کے لئے سیکورٹی رسک ہے اور ہمیشہ رہی ہے۔

عامر خان نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی ملک دشمنی ثابت ہوچکی ہے لہٰذا فوری طور پر صوبے میں گورنر راج نافذ کیا جائے اور ایک منظم منصوبہ بندی کے ذریعے جعلی اکثریت کے حصول کے لئے جعلی شناختی کارد بنوانے اور ووٹر لسٹوں میں اندراج کروانے کی تحقیقات کروائی جائیں اور اس میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹھرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے جب کہ ان تمام جعلی شناختی کارڈوں کو فوری بلاک کیا جائے اور ووٹر لسٹوں سے نام حذف کیا جائے۔
Load Next Story