بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق

ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچنے کے باعث پاک ایران ریل سروس معطل، بجلی کی فراہمی بھی معطل


ویب ڈیسک July 15, 2021
پاک ایران ریلوے ٹریک کی نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں، ریلوے حکام فوٹو: فائل

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش اور سیلابی ریلوں کی زد میں آکر 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے کوہلو میں 49 ملی میٹر ، گوادر 35، دالبندین 32، پسنی 24، تربت 22، قلات اور جیوانی 15، پنجگور اور سبی 04، اورمارا02 جب کہ خضدار میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے جہاں خشک سالی کا خاتمہ کیا وہیں متعدد مقامات پر پیش آنے والے واقعات اور سیلابی ریلوں کی زد میں آنے سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

چاغی میں طوفانی بارش سے پیش آنے والے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے، ایف سی ونگ کمانڈنٹ ماوند فیاض چانڈیو کی گاڑی کوہلو سے ماوند جاتے ہوئے منجھرہ نالے کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ حادثے کی خبر سن کر ڈپٹی کمشنر کوہلو لیویز نفری کے ہمراہ فورآ جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئے۔سیلابی ریلے میں بہہ کر 2 اہلکار شہید جب کہ 4 کو بے ہوشی کی حالت میں بچا لیا گیا۔

دالبندین میں طوفانی بارش کے بعد بجلی کے متعدد کھمبے زمین بوس ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، علاقے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کیسکو کا کہنا ہے کہ کھمبوں کی تنصیب اور بجلی کی بحالی میں وقت لگے گا۔

دوسری جانب چاغی کے قریب مختلف مقامات سے ریلوے ٹریک بھی بہہ گیا ہے، جس کی وجہ سے پاک ایران ریل سروس معطل ہے، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے ٹریک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، مجموعی طور پر پاک ایران ریلوے ٹریک 21 مقامات سے متاثر ہوا ہے۔ پاک ایران ریلوے ٹریک کی نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

چاغی اور دیگر علاقوں میں سیلابی صورت حال پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نوٹس لے لیا ہے جس پر وزیر داخلہ ضیا لانگو اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے انہیں چاغی کے سیلاب زادہ علاقے میں اقدامات سے متعلق آگاہ کیا، چیف سیکرٹری نے بتایا کہ 75 لاکھ روپے مالیت کا راشن سیلاب زدہ علاقے کے لئے روانہ کردیا گیا، پی ڈی ایم اے کا عملہ بھی متاثرہ علاقے میں روانہ کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں