وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا کنٹرولر بورڈ کے بیٹے کے نقل کرنے کا نوٹس

وزیر اعلی نے امیدوار کو نقل کرنے میں سہولت فراہم کرنے والے امتحانی عملے کو شو کاز نوٹس جاری کردیا


ویب ڈیسک July 15, 2021
وزیر اعلی نے امیدوار کو نقل کرنے میں سہولت فراہم کرنے والے امتحانی عملے کو شو کاز نوٹس جاری کردیا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں کنٹرولر ملاکنڈ بورڈ کے بیٹے کے نقل کرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

وزیر اعلی نے امیدوار کو نقل کرنے میں سہولت فراہم کرنے والے امتحانی عملے کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔ عملے میں ایگزامینشن سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ ہمایوں خان اور نگران رحمت علی شامل ہیں۔

ہمایوں خان گورنمنٹ مڈل اسکول بارون لوئر دیر میں ایس ایس ٹی جبکہ رحمت علی گورنمنٹ ہائی اسکول کوٹلئی سوات میں ہیڈ ماسٹر تعینات ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں امتحانی ڈیوٹی پر مامور عملے کی طرف سے امیدوار کو نقل کروانے میں سہولت فراہم کرنے کے واضح شواہد موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملاکنڈ تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر کا بیٹا امتحان میں نقل کرتے پکڑا گیا، ویڈیو وائرل

شوکاز نوٹس میں مذکورہ عملے کو اپنے فرائض سے غفلت اور سروس ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے اور دونوں کو پندرہ دنوں کے اندر تسلی بخش جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت یک طرفہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کنٹرولر ملاکنڈ بورڈ کو پہلے ہی سے عہدے سے ہٹا کر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ امتحانی ہال میں عملے کی سر پرستی میں امیدوار کو نقل کروانے کا معاملہ انتہائی شرمناک ہے، اس واقعے سے محکمہ تعلیم اور صوبائی حکومت کی بدنامی ہوئی ہے، اس معاملے میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے گی، معاملے میں ملوث کسی سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، موجودہ حکومت شفافیت اور میرٹ کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں