پٹرول مہنگا ہونے کا امکان پمپس کو سپلائی بند

پٹرول پمپ پر صرف ایک دن کا ذخیرہ موجود ہے جو آج رات تک ختم ہو جائے گا، پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن

پٹرول پمپ پر صرف ایک دن کا ذخیرہ موجود ہے جو آج رات تک ختم ہو جائے گا، پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے پیش نظر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی پٹرول پمپس کو بند کردی۔

صرف لاہور کے 320 سے زائد پٹرول پمپوں نے ایک ارب تیس کروڑ روپے سے زائد رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو جمع کرائی مگر پھر بھی پٹرول نہیں ملا ۔

پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خواجہ عاطف کے مطابق قیمتوں میں جب بھی اضافہ ہونے کا اعلان ہوتا ہے ہمیشہ ہی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مالکان پٹرول پمپس کو سپلائی روک دیتے ہیں ۔ جب پٹرول عوام کو نہیں ملتا تو لڑائی جھگڑے پمپ پر ہوتے ہیں ۔ لاہور شہر میں 320 سے زیادہ پٹرول پمپ ہیں جن میں سے ہر پٹرول پمپ والے نے اپنی سیل کے حساب سے آئل کمپنیوں کو تیس سے چالیس لاکھ جبکہ بڑے پٹرول پمپ والوں نے پچاس سے ساٹھ لاکھ روپے تک ایڈوانس جمع کرائے ہوتے ہیں مگر اس کے باوجود پٹرول نہیں ملا۔


یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے گیارہ روپے اضافے کا امکان

خواجہ عاطف نے کہا کہ پٹرول پمپ پر صرف ایک دن کا ذخیرہ موجود ہے جو آج رات تک ختم ہو جائے گا ، پھر لوگوں کو نہیں ملے گا جبکہ قیمتوں میں اضافے سے سارا فائدہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہونا ہے ، پٹرول پمپ مالکان کو نہیں کیونکہ جب تک قیمت بڑھے گی ۔ اس وقت تک پٹرول پمپ پر پٹرول ختم ہوچکا ہوگا ۔

انہوں نے فوری طورپر وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے سکے۔
Load Next Story